دہشت گردی، کرپشن بڑے مسائل ہیں‘ پوزیشن ہولڈرز: اکثریت ڈاکٹر بننے کی خواہش مند

Jul 25, 2017

لاہور، گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر+ نمائندہ خصوصی) میٹرک امتحان 2017ء میں پوزیشن ہولڈرز کی اکثریت نے مستقبل میں ڈاکٹر بننے کی خواہش ظاہر کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کامیابی اساتذہ کی محنت اور والدین کی دعائوں کا نتیجہ ہے، کامیابی پر انتہائی خوشی ہے اور اس پر اللہ کے شکر گزار ہیں لاہور بورڈ میں پہلی پوزیشن لینے والے عمرطارق اور دوسری پوزیشن لینے والے ثوبان خالد اور علیسہ کلیم کا کہنا ہے کہ مستقبل میں ڈاکٹر بنیں گے۔ انہوں نے دہشت گردی اور کرپشن کو پاکستان کے بڑے مسائل قرار دیتے ہوئے کہا ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے دہشت گردی اور کرپشن کا خاتمہ ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا تعلیم کے ذریعے ہم تمام مسائل کا حل نکال سکتے ہیں طلبہ کو تمام توجہ حصول علم پر رکھنی چاہیے۔ محنت کی جائے تو کامیابی ضرور آپکے قدم چومتی ہے۔ امتحان میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے محمد عبداللہ ولد محمد افضل اور محمد عبداللہ ولد محمد سلیم نے کہا کہ لازوال قربانیوں سے حاصل کئے گئے پیارے پاکستان کی ترقی کیلئے ہمیں ملکر مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔ آپس کی لڑائیوں کا خاتمہ ناگزیر ہے ایک دوسرے کی کردار کشی کی بجائے ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے ہم سب کو ایک ہونا ہوگا۔ گوجرانوالہ بورڈ میں ٹاپ کرنے والی طالبہ ردا عامر مستقبل میں سول سروس جائن کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں‘ انکے والد بنک میں کیشئر ہیں‘ بورڈ میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے والی دوسری طالبہ مریم امتیاز اور دوسری پوزیشن حاصل کرنے والے صارم مستقبل میں ڈاکٹر بنناچاہتے ہیں۔ تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی طالبہ ایمن ہمایوں ایروناٹیکل انجینئر بنناچاہتی ہیں اور ایمن سلیم ڈاکٹر بننا چاہتی ہیں۔

مزیدخبریں