اسلام آباد(صباح نیوز)نیشنل کانٹر ٹیرارزم اتھارٹی (نیکٹا) اور سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے دہشت گروں کی مالی معاونت روکنے کے لیے مفاہمتی یاداشت پر دستخط کر دیئے۔ نیکٹا کے سربراہ ڈاکٹر سلمان اور ایس ای سی پی کے چیئرمین شوکت حسین نے مفاہمتی یاداشت پر دستخط کئے۔ اس حوالے سے بتایا گیا کہ یاداشت کا مقصد دونوں ادارے دہشت گردی کے لئے مالی معاونت کی روک تھام کے لیے مشترکہ کوششوں کو بروئے کار لائیں گے۔ علاوہ ازیں نیکٹا کے سربراہ ڈاکٹر سلمان نے کہا کہ بین الاقوامی پس منظر میں ایس ای سی پی اور نیکٹا کا باہمی اشتراک اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار میں اضافہ کرنے کے لئے مل کر کام کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کومالی معاونت اور رقم کی غیر قانونی ترسیل کے بارے میں آگاہی پیدا کی جائے گی۔ ایس ای سی پی کے چیئرمین شوکت حسین نے واضح کیا کہ منشیات فروشی سے حاصل ہونے والی آمدنی کی ترسیل روکنے کے لئے موثر اقدامات کئے جائیں گے۔