لاہور+ اسلام آباد (خصوصی رپورٹر+ نامہ نگار+ خبرنگار+ ایجنسیاں) سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب نے کہا ہے کہ آج 25 جولائی کو قوم جمہوریت کا جشن منائے گی، قومی اسمبلی کی 270 اور صوبائی اسمبلیوں کی 570 نشستوں پر عوام اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے، این اے 60 سمیت 9 نشستوں پر انتخابات نہیں ہوں گے، مسلح افواج کے ساڑھے 3لاکھ جوانوں سمیت 8 لاکھ اہلکار سکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے، اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ عوام بھرپور طریقے سے انتخابات میں حصہ لیں، توقع ہے کہ ٹرن آؤٹ پہلے سے کہیں زیادہ ہو گا، عوام کا جوش و خروش ثابت کرے گا کہ وہ جمہوریت کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 17ہزار پولنگ سٹیشن حساس قرار دئیے گئے ہیں جن پر کیمرے بھی نصب کر دئیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں 11677امیدوار حصہ لے رہے ہیں، پارٹیوں میں قومی اسمبلی کی نشستوں پر 1805 اور 1623 آزاد امیدوار ہیں، صوبائی اسمبلیوں کیلئے 3856سیاسی جماعتوں کے اور 4389 آزاد امیدوار ہیں، مخصوص نشستوں پر قومی اسمبلی کیلئے 172اور صوبائی اسمبلیوں کیلئے 386خواتین امیدوار ہیں، اقلیتی نشستوں کیلئے قومی اسمبلی کے 44 اور صوبائی اسمبلیوں کے113امیدوار میدان میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمشن کے پاس 120سیاسی جماعتیں رجسٹرڈ ہیں 95عام انتخابات میں حصہ لے رہی ہیں، 88 سیاسی جماعتوں نے خواتین کیلئے مختص 5فیصد کوٹہ پر عمل کیا ہے جبکہ 7سیاسی جماعتیں یہ شرط پوری نہیں کر سکیں۔ا نہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کی 2این اے60 راولپنڈی این اے103فیصل آباد پر انتخابات نہیں ہوں گے جبکہ صوبائی اسمبلیوں کی7نشستوں خیبرپی کے کی پی کے 78پشاور پی کے99ڈیرہ اسماعیل خان پنجاب اسمبلی کی پی پی87میانوالی پی پی103 فیصل آباد پی ایس 6کشمور بلا مقابلہ ہو چکی ہے، پی ایس87ملیر اور پی پی 35پر انتخابات نہیں ہو رہے اس طرح کل9نشستوں پر انتخابات نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں الیکشن کا سامان ترسیل ہو چکا ہے، دھمکیاں مل رہی ہیںہمیں ابھی بھی امن و امان کے چیلنج کا سامنا ہے ہم پُرامن انتخابات دیکھنا چاہتے ہیں، 7بجے تک کوئی نتیجہ نہیں دکھایا جا سکے گا،7بجے سے نتائج آنا شروع ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا پر دکھائے جانے والے بیلٹ پیپرز کی تحقیقات میں کچھ سابقہ انتخابات کے بیلٹ پیپرز ہے کچھ نمونے کے پیپرز تھے فرضی بیلٹ پیپر بھی دکھائے گئے۔ میڈیا سوشل میڈیا پر چلنے والی ویڈیوز اور تصاویر کو پہلے چیک کر لے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور سے ملنے والے شناختی کارڈ بارے نادرا نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ یہ زائد المعیار تھے اور ایسے لوگوں کے تھے جنہیں نئے شناختی کارڈ جاری کئے جا چکے ہیں۔ چیئرمین نادرا نے شناختی کارڈ پھینکے جانے کی تحقیقات کا کہا ہے، میڈیا سے درخواست ہے کہ سنسنی نہ پھیلائے تاکہ منفی تاثر نہ جائے اور مثبت فضا ملے۔ انہوں نے ریٹرننگ افسران کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ رزلٹ منیجمنٹ سسٹم قانون کے تحت لازمی ہے، یہی طریقہ کار اختیار کیا جائے، ریٹرنگ افسران آر پی ایس کو کامیاب کریں اس سے شکوک دم توڑ جائیں گے۔ سیکرٹری الیکشن کمشن نے ریٹرننگ اور پریذائڈنگ افسران پر زور دیا ہے کہ وہ نتائج کی ترسیل کیلئے لازماً الیکشن کمشن کی ایپس استعمال کریں۔ بابر یعقوب نے کہا ہے کہ پولنگ کا وقت چھ بجے تک ہے، میڈیا 7 بجے تک رزلٹ کا اعلان نہیں کر سکے گا۔ دوسری طرف ملک بھر میں قائم کئے گئے 85 ہزار سے زائد پولنگ سٹیشنوں میں سے 17 ہزار پولنگ سٹیشنوں کو حساس قرار دیا گیا ہے ہر پولنگ سٹیشن پر چار فوجی ڈیوٹی پر ہونگے۔ دو فوجی اندر پولنگ سٹیشن پر ہونگے اور دو باہر ہونگے جبکہ حساس پولنگ سٹیشنوں پر فوجیوں کی تعداد پانچ چھ یا اس سے کچھ زائد ہو سکتی ہے۔ مجسٹریٹ کے اختیارات حساس پولنگ سٹیشنوں پر فوجی افسر کے پاس ہونگے جبکہ بقایا پولنگ سٹیشنوں پر مجسٹریٹ کے اختیارات پریذائڈنگ افسروں کے پاس ہونگے۔ نگران صوبائی وزیر قانون ضیاء حیدر رضوی، وزیر اطلاعات احمد ریاض وقاص اور نگران وزیر داخلہ شوکت جاوید نے یہ بات گزشتہ روز ڈی جی پی آر آفس میں پریس کانفرنس میں بتائی۔ دوسری طرف ڈی آئی جی آپریشنز لاہور شہزاد اکبر سے اقوامِ متحدہ کی جانب سے انٹرنیشنل الیکشن آبزرورز کے تین رکنی غیر ملکی وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں وفد کے ارکان میں کامن ویلتھ سیکرٹری مارک گوتھری، کامن ویلتھ الیکشن اوبزرورجوائے پستو اور شمیم اے کلریستھ شامل تھے۔ غیرملکی وفد نے ایس پی سکیورٹی عمارہ اطہر سے بھی ملاقات کی۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور شہزاد اکبر اور یواین انٹرنیشنل الیکشنز آبزرورز کے نمائندگان نے عام انتخابات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پرڈی آئی جی آپریشنز لاہورشہزاد اکبرنے کہا کہ لاہور پولیس نے عام انتخابات کو پُرامن بنانے کیلئے تمام انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔ پولنگ ڈے پر الیکشن کمشن آف پاکستان کے ضابطہ اخلاق کی مکمل پاسداری کروائی جائے گی۔ لاہور پولیس پولنگ ڈے کو پُرامن بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے۔ غیرملکی وفدنے اس موقع پر کہا کہ لاہور پولیس نے عام انتخابات کو پُرامن بنانے کیلئے سکیورٹی کے تسلی بخش انتظامات کئے ہیں۔ علاوہ ازیں ایس پی انویسٹی گیشن صدر محمد راشد نے چوہنگ اور سبزہ زار سرکل کے مختلف حساس پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کیا اور وہاں پر تعینات افسران و اہلکاروں کو الیکشن ڈے کے حوالے سے ضابطہ اخلاق سے متعلق بریف کیا۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ تمام افسران واہلکار کسی بھی شرپسند عنصر کو پولنگ کے عمل میں تعطل یا رخنہ نہ ڈالنے دیں۔ اسلحہ، کیمرہ اور موبائل فون کے استعمال کی ہرگز اجازت نہ ہوگی۔ انہوں نے مزید ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ عورتوں بوڑھوں اور بیمار افراد کے لئے پولنگ کے عمل کے دوران زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں۔ نیز انہوں نے مختلف لاء انفورسمنٹ کے افسران اور جوانوں کو تاکید کی کہ مل جل کر ایک ٹیم ورک کے تحت اس اہم قومی فریضہ کا احسن انداز میں انعقاد یقینی بنایا جاسکے۔ دہشت گردی کے خطرات کو مدنظر رکھتے ہوئے مشتبہ اشخاص اور اشیاء پر کڑی نظر رکھیں۔
17 ہزار پولنگ سٹیشن حساس‘ فوجیوں سمیت 8 لاکھ اہلکار تعینات‘ دھمکیاں مل رہی ہیں: سیکرٹری الیکشن کمشن
Jul 25, 2018