قوم دیانتداروں کو ووٹ دے‘ سراج الحق: مجلس عمل سے زیادہ کوئی مستحق نہیں‘ فضل الرحمن

Jul 25, 2018

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے ملک میں انتخابات کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہاہے کہ ووٹ ملک و قوم کی امانت ہے اسے دیانتدار اور باکردار لوگوں کو دیجئے اور کسی خائن اور بدکردار کے حوالے یہ امانت نہ کیجئے۔ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ کو قوم نے ایک دوبار نہیں، کئی بار آزمایا ہے اب پی ٹی آئی میں بھی وہی لوگ جمع ہیں جن کا احتساب ہونا چاہیے تھا مگر الیکشن کمیشن اور نیب نے انہیں کھلی چھوٹ دے دی ہے۔ قوم کسی کے بہکاوے میں نہ آئے اور ان بہروپیوں کے بلند و بانگ دعوئوں اور وعدوں پر اعتبار نہ کریں۔ متحدہ مجلس عمل ملک کی بڑی دینی جماعتوں کا اتحاد ہے۔ ہم نے قوم کے سامنے وہ ہیرے پیش کیے ہیں جن کے کردار پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا۔ فضل الرحمن نے قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ پر امن انداز میں آج اپنے ووٹ کا حق استعمال کریں اور ہر قسم کے انتشار سے اپنے آپ کو اور ملک کو محفوظ رکھیں ہماری دعا ہے کہ یہ مرحلہ امن کے ساتھ گزرے اس مقصد کے لیئے مجلس عمل کے امیدوار اور کارکن بنیادی کردار ادا کریں گے مر کزی میڈیا آفس کے مطابق وہ مولانا محمد امجد خان، حاجی شمس الرحمن شمسی، مفتی ابرار احمد، عبد الرزاق عابد لاکھو سے گفتگو کر رہے تھے مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ ووٹ ایک امانت ہے اسے اس کے اہل کو دیں اور مجلس عمل سے بڑھ کر سب زیا دہ اس کا مستحق نہیں انہوں نے کہاکہ نظام مصطفی ﷺ کے نفاذ اور ملک کو لادین ریاست بنانے کی سازشوں کا مقابلہ کر نے کے لیئے قوم مجلس عمل کا ساتھ دے۔ پیر اعجاز ہاشمی، علامہ سید ساجد علی نقوی، پروفیسر ساجد میر اور سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے بیان میں ووٹرز سے اپیل کی ہے کہ انتخابی نشان ’’کتاب‘‘ کے حق میں ووٹ کا استعمال کریں۔ متحدہ مجلس عمل پوری قوم سے عہد کرتی ہے کہ نظام مصطفیؐ کے قیام کے لیے دینی جماعتیں متحد رہیں گی۔

مزیدخبریں