پنجاب کے 110 پو لنگ سٹیشن بغیر عمارت، بارش ہوگئی تو اللہ مالک

Jul 25, 2018

لاہور (سید شعیب الدین سے) اکیسویں صدی کے پاکستان میں جہاں 85252 پولنگ سٹیشنوں میں ملکی تاریخ کے سب سے بڑے انتخابات کیلئے ووٹ ڈالے جائیں گے۔ وہیں سب سے بڑے صوبے پنجاب کے 7 ڈویژنوں کے 12 اضلاع میں 110 پولنگ سٹیشن ایسے بھی ہیں جو کسی عمارت میں قائم نہیں کئے گئے۔ ان پولنگ سٹیشنوں کیلئے شامیانے اور قناتیں لگائی گئی ہیں۔ محکمہ موسمیات نے آج بارشوں کی پیش گوئی کر رکھی ہے۔ وہ مقامات جہاں یہ شامیانے اور قناتوں والے پولنگ سٹیشن لگائے گئے ہیں، بارش کی زد میں آگئے تو پھر ان پولنگ سٹیشنوں کا اللہ مالک ہے۔ یہ پولنگ سٹیشن گوجرانوالہ ڈویژن کے ضلع گجرات میں 6 اور سیالکوٹ میں 2، سرگودھا ڈویژن کے ضلع گوجرانوالہ میں 37، فیصل آباد کے ضلع چنیوٹ میں 2 اور جھنگ میں 5، ملتان کے ضلع خانیوال میں 18، ملتان میں ایک، وہاڑی میں 2، ساہیوال کے ضلع اوکاڑہ میں 3، بہاولپور کے ضلع رحیم یار خان میں 7، ڈیرہ غازیخان کے ضلع مظفر گڑھ میں 18 اور ڈیرہ غازیخان ضلع میں 9 ہیں۔

مزیدخبریں