لاہور (دی نیشن رپورٹ) مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ اپنے حقوق اور عزت کے تحفظ کیلئے مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دیں اور پارٹی کی طرف سے وعدوں کی تکمیل کرتے ہوئے ملکی خدمات کو تسلیم کریں۔ اپنے آڈیو پیغام میں شہباز شریف نے کہا عوام کی طرف سے مسلم لیگ (ن) کیلئے ووٹ پارٹی قیادت کیخلاف بوگس مقدمات اور دھمکیوں کا جواب بھی ہو گا۔ آپ سب جانتے ہیں گزشتہ پانچ برس کے دوران ہمارے سیاسی مخالفین کی تباہ کن ذہنیت، سول نافرمانی کی دھمکیوں اور دھرنوں سے اندھیرے اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ہماری کوششوں میں مسلسل رکاوٹیں ڈالی گئیں۔ شہباز شریف نے مزید کہا جب یہ مسلم لیگ (ن) کے مخالف عناصر اپنے منصوبوں کو عملی شکل دینے میں ناکام رہے تو نواز شریف اور مریم نواز کو غیرمنصفانہ فیصلوں کی بنیاد پر سلاخوں کے پیچھے بھیج دیا گیا۔ ہمارے پارٹی امیدواروں سے انتقام لیا گیا، دھمکیاں دی گئیں اور کسی نہ کسی طرح الیکشن لڑنے سے محروم کیا گیا۔ اب ووٹ کی طاقت کے ذریعے لالچ، دھمکی اور ہر بوگس کیس کا جواب دیں۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ وہ فجر کی نماز کے بعد باہر آئیں اور شیر کو ووٹ دیں۔ مسلم لیگ (ن) کی فتح پاکستان اور عوام کی فتح ہو گی۔