آج قوم کے شعور کاامتحان اور فیصلے کا دن ہے:حامد رضا

لاہور (خصوصی نامہ نگار) سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ آج فیصلے کا دن ہے اور آج قوم کے شعور کا امتحان ہے۔ آج گھر میں بیٹھنا جرم اور پاکستان سے بے وفائی ہو گی۔ قوم یاد رکھے کہ غلط امیدواروں کی حمایت پاکستان کی بنیادوں پر کلہاڑا چلانے کے مترادف ہو گی۔ ’’یا رسول اللہﷺ‘‘ کہنے والے اور صوفیاء کے پیروکار اہل حق سنی اتحاد کونسل کے امیدواروں کو ووٹ دے کر انقلابِ نظامِ مصطفی کی تحریک کو کامیاب بنائیں۔ہر پاکستانی اپنے ووٹ کا درست استعمال کر کے تبدیلی کے عمل کا حصہ بنے۔ قوم نے بار بار اقتدار میں آنے والوں کو ووٹ دیا تو اگلے پانچ سال پچھتائے گی۔ قوم ووٹ کی طاقت سے زر اور شر کی سیاست کو دفن کر دے۔ عوام درود والوں کو ووٹ دیں تاکہ بارود والوں سے نجات مل سکے اور قوم سیاسی تاجروں کے دعووں، وعدوں اور نعروں کے جھانسے میں نہ آئے۔ ہر پاکستانی کو اپنے ووٹ کے ذریعے سیاست بذریعہ دولت اور دولت بذریعہ سیاست کے علمبرداروں کو عبرت کا نشان بنانا ہو گا۔سیاست کو تجارت بنانے والوں کے لیے آج کا دن بھاری ثابت ہو گا۔ آج ہر فرد نظامِ زر و ظلم کے خلاف اپنا ووٹ استعمال کرے۔

ای پیپر دی نیشن