گوارا کی فصل جولائی کے آخر تک کامیابی سے کاشت کی جا سکتی ہے

Jul 25, 2018

راولپنڈی (نیوزرپورٹر) محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق گوارا کی فصل جولائی کے آخر تک کامیابی سے کاشت کی جا سکتی ہے۔ گوارا کی کاشت کے لیے ہلکی میرا اور ریتلی زمین کا انتخاب کریں۔ زمین کی تیاری کے دوران 2 سے 4 مرتبہ ہل اور سہاگہ چلا کر زمین کو بھربھرا کر لیں۔ فصل کی بطور چارہ کاشت کیلئے 20 تا 25 کلو گرام جبکہ بیج والی فصل کی کاشت کیلئے 10 سے 15 کلوگرام بیج فی ایکڑ استعمال کریں۔ گوارا کی منظور شدہ اقسام میں بی آر 90، بی آر 99 اور بی آر 2/1 شامل ہیں۔ گوارہ کی فصل کو بذریعہ ڈرل، چھٹہ اور وٹوں پر کاشت کیا جا سکتا ہے۔ چارہ کیلئے گوارا کو اکیلا یا کسی دوسری فصل میں ملا کر بذریعہ چھٹہ کاشت کیا جا سکتا ہے۔ اس کیلئے زمین کی تیاری کے بعد مطلوبہ شرح بیج کے لحاظ سے دو رخی چھٹہ دے کر ہل و سہاگہ چلائیں۔ اگر فصل سے بیج حاصل کرنا ہو تو مناسب وتر آنے پر زمین میں دو سے چار مرتبہ ہل اور سہاگہ چلا کر لائنوں میں ڈرل سے کاشت کریں۔ لائن سے لائن کا فاصلہ 1 فٹ جبکہ پودے سے پودے کا فاصلہ 6 انچ رکھیں۔ بجائی کے وقت ایک بوری ڈی اے پی چھٹہ دے کر زمین میں ملا دیں لیکن اگر گوارہ کو بذریعہ ڈرل کاشت کرنا ہو تو ڈی اے پی کو ڈرل کے ذریعے زمین میں ڈالیں۔

مزیدخبریں