اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس میں جاری سمر آرٹ کیمپ میں بچوں کو کارٹونز بنانے کی غرض سے ایک روزہ ورکشاپ منعقد ہوئی۔ ورکشاپ میں پاکستان کی معروف کارٹونسٹ نگار نذر ’’ گوگی‘‘ نے بچوں کو روزمرہ اشیاء اور اردو کے حروف سے کارٹونز بنانے کی تربیت دی۔ انہوں نے بچوں کو کارٹونز کے ذریعے نہ صرف مختلف مسائل کو سامنے لانے بلکہ اس سے لوگوں کی اصلاح/ تربیت دینے کی بھی ترغیب دی۔ گوگی کے سٹوڈیو میں تیار کردہ اینیمیٹڈ کارٹونز کے ذریعے انسانی زندگی کیلئے پانی کی اہمیت اور پانی ضائع ہونے سے بچانے کی بھی تعلیم دی گئی۔ انہوں نے بچوں کو پلاسٹک شاپنگ بیگز سے ماحول کو پہنچنے والے مضر اثرات سے آگاہ کیا جس کی وجہ سے زمین کو مختلف آفات کا سامنا ہے۔ انہوں نے بچوں کو شاپنگ بیگز کے استعمال کو ترک کرنے کی ترغیب دی۔ یاد رہے کہ پی این سی اے سمر کیمپ میں آرٹ کی تعلیم کے ساتھ ساتھ بچوں کی ذہنی اور جسمانی نشوونما پر خصوصی توجہ دیتی ہے۔