عمران خان،سردار عتیق کی قربتیں تحریک آزادی کو نقصان پہنچاسکتی ہیں: فاروق حیدر

Jul 25, 2018

اسلام آباد/کوٹلی(نوائے وقت رپورٹ+ نمائندہ خصوصی) وزیر اعظم آزاد کشمیر و صدر مسلم لیگ ن راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہا ہے کہ آزادکشمیر کی اپوزیشن جماعتوں میں بیرسٹر سلطان محمود کا اس لیے احترام کرتا ہوں کہ انہوں نے ریاستی عزت و قار کا خیال رکھا ، تیرہویں آئینی ترمیم کے حوالہ سے ہماری بھرپور حمایت کی ، اب چونکہ عتیق خان نے بھی قربت کی دوڑ لگائی ہوئی ہے اس لیے انہیں مشورہ دیتا ہوں کہ محتاط رہیں ، کشمیر کوتین حصوں میں تقسیم کرنے کا کہنے والے عمران خان اور مود ی کو شیر کا بچہ کہنے والے سردار عتیق خان کی قربت سے تحریک آزادی کشمیر کوشدید نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے ۔ سردار عتیق کی شکل میں آزادکشمیر کی سیاست میں مودی نظریہ کو عوام نے نہ قبول کیا ہے نہ کرینگے ، یہ اقتدار کیلئے کچھ بھی کر سکتے ہیں ۔ آزادکشمیر اور پاکستانی سیاست میں مودی کے مدح سراہوں کیلئے کوئی جگہ نہیں لگتا ہے کہ مودی عتیق خان کی شکل میں آزادکشمیر میں داخل ہو چکا ہے اور پاکستان میں بھی جاکر اپنے نظریہ کے ترویج کی کوششیں کررہاہے لیکن ’را‘ کے ایجنٹوں کی پاکستان اور آزادکشمیر میں کوئی جگہ نہیں یہ ریاست جموں وکشمیر کے دونوں طرف مسترد ہو چکے ہیں اور پاکستان میں بھی جہاں جہاں گئے نحوست ان کا پیچھانہیں چھوڑ رہی۔ وزیر اعظم آزاکشمیر نے ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ ن پونچھ ڈویژن کے صدر راجہ فیصل آزاد کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ قائد مسلم لیگ ن محمد نواز شریف کے کشمیریوں پر بہت احسانات ہیں جن کا بدلہ وہ آج چکائیں گے ۔ محمد نواز شریف کو کشمیریوں سے خصوصی لگائو تھا ، انہوںنے اپنے دور میں بار بار کشمیر کے دورے کیے ، کشمیری قیادت سے مشاورت کی ، آزادکشمیر کی تعمیر وترقی کیلئے ترقیاتی بجٹ کو دوگنا کیا ، کشمیریوں کے وسائل پر ان کا حق تسلیم کیا ، اہم معاملات میں کشمیریوں کی بھرپور سپورٹ کی۔ محمد نواز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سمیت تمام بین الاقوامی فورمز پر کشمیریوں کی آواز بلند کی۔ انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کو اختیارات کی واپسی بھی محمد نواز شریف کی خصوصی دلچسپی کے باعث ہوئی ۔انہوںنے کہاکہ محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان میں شاندار ترقی ہوئی ہے ،جب انہوں نے اقتدار سنبھالا تو ملک کی بے شمار چینلجز درپیش تھے ۔ محمد نواز شریف نے تمام چیلنجز کا مقابلہ کرتے ہوئے ملکی معیشت کو مضبوط کیا، ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کیا، کراچی کا امن بحال کیا ، پاکستان کو سی پیک کا تحفہ دیا جس کا آزادکشمیر بھی حصہ ہے ، وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہاکہ مسلم لیگ ن ہی پاکستان کی ترقی کی ضامن ہے ، انشاء اللہ آج مسلم لیگ ن کی فتح کا دن ہو گا ۔کوٹلی:وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی اللہ تعالیٰ نے نواز شریف کے مقدر میں لکھی ہے جس نے قوم کو اندھیروں سے نکالا اور دہشت گردی کا خاتمہ کیا ملک کو ایٹمی طاقت بنایااس کو اپنی بیٹی اور داماد کیساتھ جیل کی بند سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا گیاوقت ثابت کررہا ہے کہ کوئی طاقت نواز شریف اور عوام کے درمیاں محبت ختم نہیں کر سکتی نواز شریف پر جتنا ظلم کیا جائے گا عوام اس سے بڑھ کر اس سے محبت کا عملی اظہار کرے گی 25جولائی کو پاکستان میں بسنے والے مہاجرین جموں و کشمیر سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ کشمیری النسل لیڈر نواز شریف کی پارٹی کو ووٹ دے کر شیر پر مہر لگائیںاور دبا کر لگائیں جس نے تاریخ میں پہلی بار سلامتی کونسل میں کشمیریوں کی بھر پور وکالت کی نگران حکومت میاں محمد نواز شریف کی صحت کے حوالہ سے تشویش ناک صورتحال سامنے آنے پر جیل میں طبی سہولیات کو فوری طور پر یقینی بنائے اور میاں محمد نواز شریف کے ذاتی معالج کو ان تک رسائی کا موقع فراہم کرے ان خیالات کا اظہار وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے صدر یوتھ ونگ آزاد کشمیر محمد حنیف ملک کی قیادت میں ملنے والے وفد سے وزیراعظم ہائوس اسلام آباد میں ملا قات کے دوران کیا صدر یوتھ ونگ آزاد کشمیر محمد حنیف ملک نے ’’ووٹ کو عزت دو ‘‘ اور پاکستان میں انتخابی مہم میں شمولیت اور جملہ کشمیری حلقہ جات میں یوتھ کی انتخابی مہم کی صورتحال سے آگاہ کیا جس پر وزیراعظم نے اطمینان کا اظہار کیا وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ پوری دنیا میں مقیم نواز شریف کے چاہنے والے ایک ہو جائیں اور ہر طرح کی سازش سے نمٹنے کے لیے ہر وقت تیار رہیں نواز شریف اب ایک نظریہ میں بدل چکا ہے کوئی کسی خوش فہمی میں نہ رہے انشاء اللہ 25جولائی کو تمام سازشوں کے باوجود عوام کی عدالت میں سرخرو ہونگے صدر یوتھ ونگ آزاد کشمیر محمد حنیف ملک نے کہا کہ راجہ فاروق حیدر خان نے جس طرح مشکل حالات میں میاں محمد نواز شریف کا ساتھ دیا اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ راجہ فاروق حیدر خان ایک وفادار اور ساتھ نبھانے والے انسان ہیں پوری لیگ اور بالخصوص یوتھ ونگ راجہ فاروق حیدر خان کی پشت پر کھڑی ہے اس اہم ملاقات میں ممبر کشمیر کونسل سردار عبدالخالق وصی ،ڈی جی سیاسی امورذوالفقار علی ملک اور دیگر عہدیدران موجود تھے ۔

مزیدخبریں