مریدکے: موٹر کا پٹہ چڑھانے کنویں میں اترنے والے باپ بیٹا زہریلی گیس سے جاںبحق

Jul 25, 2019

مریدکے (نامہ نگار) کنویں میں زہریلی گیس کے باعث موٹر کا پٹہ چڑھانے کے لیے اترنے والے باپ بیٹا دم گھٹنے سے جاں بحق ہوگئے جبکہ دوسرا بیٹا تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ تھانہ صدر مریدکے کے علاقہ کوٹ پنڈی داس کا منظور احمد اپنے بیٹوں 22سالہ محمد عرفان اور 30سالہ عبد الشکور کے ہمراہ اپنے کھیتوں کو پانی دینے کی غرض سے ٹیوب ویل کا پٹہ چڑھارہا تھا کہ اسی دوران اسے گہرے کنویں میں اترنا پڑا۔ کنویں میں اترتے ہی زہریلی گیس کے باعث وہ بے ہوش ہو کر وہیں گر پڑا جسے نکالنے کے لیے اس کا 22سالہ بیٹا محمد عرفان کنویں میں اترا تو وہ بھی بے ہوش ہو گیا۔ باپ بیٹے کو بے سدھ پڑا دیکھ کر عبد الشکور کنویں میں اترا تو وہ بھی گیس کی تاب نہ لاتے ہوئے بے ہوش ہو گیا۔ قریبی لوگوں نے ریسکیو 1122کو اطلاع کی۔ تینوں باپ بیٹوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال مریدکے پہنچایا گیا لیکن منظور احمد اور محمد عرفان راستے میں ہی دم توڑ گئے جبکہ عبد الشکور کو ابتدائی طبی امداد کے بعد جنرل ہسپتال لاہور منتقل کر دیا گیا۔ اہل علاقہ کے مطابق عبد الشکور راج مستری تھا اور کھیتوں کو پانی لگانے کی غرض سے کام سے چھٹی کرکے ٹیوب ویل کا پٹہ درست کر رہا تھا کہ موت نے آ لیا۔ پولیس نے ضروری کارروائی کے بعد نعشیں ورثاء کے حوالے کر دیں۔ افسوسناک واقعہ کے بعد علاقہ میں کہرام مچ گیا اور ہر آنکھ اشکبار رہی۔

مزیدخبریں