ائر چیف کی پولش فوجی افسروں سے ملاقات، دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق

کراچی (نیوز رپورٹر) پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے پولینڈ کے آرمڈ فورسز ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔ ہیڈکوارٹرز آمد پر ائیر چیف کا پولینڈ آرمڈ فورسز کے جنرل کمانڈر جنرل جارسلاو میکا نے فرسٹ ڈپٹی کمانڈر میجر جنرل جان سلیوکا اور بریگیڈیر جنرل یاسک پشتواکے ہمراہ استقبال کیا۔ پولش آرمڈ فورسز کے چاق و چوبند دستے نے پاک فضائیہ کے سربراہ کوگارڈ آف آنر پیش کیا۔ بعد ازاں دونوں سربراہان نے باہمی پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ پاک فضائیہ کے سربراہ نے دونوں ممالک کی فضائی افواج کے درمیان بہترین تعلقات کی تعریف کی اور انہوں نے پاک فضائیہ کے ابتدائی دور میں تعمیر و ترقی اور جدیدیت میں پولش افسروں کے کلیدی کردار کو بھی سراہا۔ دونوں معزز شخصیات نے دونوں ممالک کے درمیان بالعموم اور فضائی افواج کے مابین بالخصوص باہمی تعلقات اور دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے پر رضامندی کا اظہار کیا۔ پولینڈ کے ڈپٹی منسٹر آف ڈیفنس مسٹر مارک لیپنسکی اور ڈپٹی چیف آف دی جنرل سٹاف میجر جنرل ڈریسز لکووسکی نے بھی پاک فضائیہ کے سربراہ سے ملاقاتیں کیں اور باہمی تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ پاک فضائیہ کے سربراہ حالیہ دنوں میں پولش ائیر فورس کی خصوصی دعوت پر پولینڈ کے سرکاری دورہ پر ہیں۔

ای پیپر دی نیشن