اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ ( او جی ڈی سی ایل ) نے ایکسپلوریٹری ویل پانڈی نمبر1 جائنٹ وینچر بیٹریزم بلاک سے تیل و گیس کے ذخائر دریافت کر لئے ہیں ، جو ضلع سانگھڑ ، صوبہ سندھ میں واقع ہے۔ ایکسپلوریٹری ویل پانڈی نمبر1 کی کھدائی اور تجزئیے کے لئے مکمل طور پر او جی ڈی سی ایل کے ماہرین پر انحصار کیا گیا ۔ کنویں کی کھدائی 3600 میٹر تک کی گئی۔ جہاں پر 9.12 ایم ایم ایس سی ایف گیس اور 520بیرل تیل یومیہ 32/64 چوک کے ذریعے حاصل ہو گا او جی ڈی سی ایل کی تیل و گیس کی یہ دریافت کمپنی کی شاندار حکمت عملی کا نتیجہ ہے۔ اس دریافت سے ہائیڈروکاربن کے ملکی ذخائر میں خاطر خواہ اضافہ ہو گا۔ جس کے ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہونگے ۔