لاہور (نیوزرپورٹر) گور نر پنجاب چوہدری محمد سرور سے انڈین ہائی کمشنر اجے بساریہ اورفر سٹ سیکرٹری چیراکنگ نے گزشتہ روز ملاقات کی گور نر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ ہم بھارت سمیت تمام ہمسایوں سے پر امن اور دوستانہ تعلقات چاہتے ہیں۔ پاک بھارت بہتر تعلقات کیلئے ضروری ہے کہ مسئلہ کشمیر کو کل نہیں آج ہی حل کیا جائے ۔کر تار پور راہداری منصوبے پر پاک بھارت مذاکرات اور پیش رفت خوش آئند ہے۔ 31 اگست کو گورنر ہاؤس میں سکھ انٹرنیشنل کنونشن میں دنیا بھرسے سکھ شریک ہوں گے۔ دہشت گرد کا کوئی مذہب نہیں ہوتا دہشت گردوں کے خلاف تمام ممالک کو ملکر لڑنا ہوگا۔ بدھ کے روز گور نر ہاؤس لاہور میں پاکستان میں انڈین ہائی کمشنر اجے بساریہ اورفر سٹ سیکرٹری چیراکنگ کی گور نر پنجاب چوہدری محمد سرور سے ہونیوالی ملاقات کے دوران پاک بھارت تعلقات،کر تاپور راہداری منصوبہ اور مسئلہ کشمیر سمیت دیگرایشوز کے حوالے سے بات چیت کی گئی جبکہ گور نر پنجاب چوہدری محمد سرور نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے در میان جنگ نہیں مذاکرات کے ذریعے ہی مسائل کوحل کیا جا سکتا ہے۔ پاکستان ہمیشہ کی طر ح آج بھی یہ چاہتا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے در میان مذاکرات کے ذریعے مسائل کو حل کیا جائے جس کے لیے ضروری ہے کہ بھارت بھی مذاکرات کی میز پر آئے۔ انہوں نے کہا کہ کرتار پور راہداری کے منصوبے پر پاک بھارت مذاکرات اور پیش رفت خوش آئند ہے۔ پاکستان میں انڈین ہائی کمشنر اجے بساریہ نے کہا کہ بھارت نومبر میں کر تارپور راہداری کھولنے کیلئے مکمل سنجیدگی کیساتھ کام کر رہا ہے اور اس کیلئے بھارت میں ٹر مینل پر تیزی کے ساتھ کام جاری ہے۔