پاکستان کو عمران کی شکل میں بہادر اور ایماندار قیادت میسر آئی صورتحال بہتر، سرمایہ کاری آرہی ہے

Jul 25, 2019

واشنگٹن (آئی این پی ) وزیر اعظم عمران خان کے دورہ امریکا پر امریکی ایوان نمایندگان میں قرارداد پیش کی گئی، جس میں عمران خان کو بہادر اور ایمان دار قرار دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق امریکی ایوان نمایندگان کے رکن جیکسن لی نے ایوان میں قرارداد پیش کی جس میں وزیر اعظم عمران خان کے دورہ امریکا کا خیر مقدم کیا گیا۔ قرارداد میں کہا گیا کہ وزیر اعظم عمران خان پاکستان میں کرپشن اور غربت کے خلاف جدوجہد کر رہے ہیں۔ قرارداد میں یہ بھی کہا گیا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں خارجہ تعلقات میں نمایاں بہتری آئی ہے، قرارداد میں افغان امن عمل میں وزیر اعظم عمران خان کے کردار اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی جانی و مالی قربانیوں کا بھی اعتراف کیا گیا۔متن میں کہا گیا کہ عمران خان نے قبائلی علاقوں میں پہلی بار حکومتی عمل داری قایم کی، پاکستان میں صورت حال میں بہتری سے بیرونی سرمایہ کاری واپس آ رہی ہے، وزیر اعظم عمران خان کی شکل میں پاکستان کو بہادر اور ایمان دار قیادت میسر آئی۔واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے امریکا میں پاکستان کو جس اعتماد اور دانش مندی سے پیش کیا۔ اس نے ملک بھر میں پی ٹی آئی قیادت کی مقبولیت میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ این این آئی کے مطابق قرارداد میں پاکستان کی ہر طرح حمایت جاری رکھنے اور پاکستان امریکہ دوستی کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

مزیدخبریں