کراچی (اسپورٹس ڈیسک) آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کی فاتح انگلینڈ کی ٹیم لارڈز میں آئرلینڈ کے بولنگ کے آگے بے بس نظر آئی اور ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں اپنی سرزمین پر ٹیسٹ اننگز میں کم ترین ا سکور پر آئوٹ ہو گئی۔آئرلینڈ نے میزبان ٹیم کو پہلی اننگز میں 85 کے انفرادی سکور پر پویلین بھیج دیا یہ انگلینڈ کا ہوم گرائونڈ پر ٹیسٹ اننگز میں کم ترین سکور ہے،اس سے قبل انگلینڈ کا اپنی سرزمین پر ٹیسٹ اننگز میں کم ترین سکور 89 تھا جب انگلش ٹیم 1995ء میں ویسٹ انڈیز کے خلاف برمنگھم ٹیسٹ میں 89 رنز پر ڈھیر ہوئی تھی۔بدھ کو شروع ہونے والے واحد ٹیسٹ میچ میں آئرش بائولرز کی تباہ کن بائولنگ کے سامنے انگلینڈ کی بیٹنگ لائن اپ ریت کی دیوار ثابت ہوئی کوئی بھی کھلاڑی سنبھل کر نہ کھیل سکا، 8 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور کرنے میں ناکام رہے۔ آئرش فاسٹ بولر ٹم مرٹا نے پانچ کھلاڑیوں کو پویلین بھیج کر اپنا نام آنربورڈ پر درج کرادیا۔انگلینڈ کے صرف تین بیٹسمین جو ڈینلی 23، سیم کرن 18 اور اولی اسٹون 19 رنز کے ساتھ ڈبل فیگر میں پہنچ سکے۔جواب میں آئرلینڈ نے 38.3 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 141 رنز بنا کر انگلش ٹیم کے خلاف 56 رنز کی برتری حاصل کرلی ہے، آئرش بلے باز بال بائن نے 55 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔پال اسٹرنگ 36 رنز بنا کر نمایاں رہے، کیون اوبرائن 9 اور ٹھامپسن بغیر کوئی رن بنائے کریز پر موجود ہیں۔انگلینڈ کے فاسٹ بولر ٹام کرن اور اسٹون نے دو، دو جبکہ اسٹورٹ براڈ نے ایک وکٹ حاصل کی۔واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے ورلڈ کپ جیتنے والی انگلش ٹیم کے پانچ کھلاڑی ٹیسٹ ٹیم کا حصہ ہیں۔
عالمی چیمپئن انگلش ٹیم، آئرلینڈ کے سامنے بے بس
Jul 25, 2019