کراچی( نیوز رپورٹر)مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ہے کہ سندھ کے مہاجروں کو وفاقی اور صوبائی حکومت نے بری طرح مایوس کیا ہے۔ا یک سال کے عرصے میں پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت نے کراچی کیلئے پیکیج کا اعلان کیا لیکن نہ تو اس اعلان پر عملدرآمد ہوا اور نہ ہی مہاجروں کے ریلیف کیلئے کوئی عملی کام کیا جارہا ہے۔ اسی طرح پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت جوکہ مہاجر دشمن حکومت ثابت ہوئی ہے اس نے بھی کراچی اور سندھ کے شہری علاقوں کے مہاجروں پر ملازمت اور تعلیم کے دروازے مکمل طورپر بند کردیئے ہیں ۔ شہری علاقوں میں سندھ کے پسماندہ علاقوں سے سندھی النسل افراد کو لاکر بیوروکریسی اور سرکاری ملازمتوں میں لگایا جارہا ہے جو مہاجروں کے ساتھ نسلی بنیادوں پر امتیازی سلوک کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کراچی سیکریٹریٹ سمیت کراچی کے وہ سرکاری ادارے جہاں ہمیشہ مہاجر افسران ہوا کرتے تھے آج ان اداروں سے مہاجروں کامکمل طورپر صفایا کردیا گیا ہے لیکن افسوس کہ نہ تو پاکستان کی اسٹیبلشمنٹ اور نہ ہی وفاقی حکومت اس صورتحال کا نوٹس لینے کو تیار ہے اور نہ ہی مہاجروں کو ریلیف دیا جارہا ہے جس کے باعث مہاجر بندگلی میں آکر کھڑے ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بدقسمتی سے مہاجر قیادت اُن پیداگیروں ، بھتہ خوروں اور مفاد پرستوں کے ہاتھ میں ہے جو 30 سال میں مہاجروں کو رسوائی ، بدنامی اور بے توقیری کے سوا کچھ نہیں دے سکے۔ چند مفاد پرست کروڑ پتی بن گئے لیکن پوری قوم مفلسی اور بے چارگی کی تصویر بنی ہوئی ہے۔
وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے مہاجروں کو مایوس کیا : ڈاکٹر سلیم حیدر
Jul 25, 2019