اسلام آباد (وقائع نگار) پیرا نے نجی سکولوں میں اضافی فیس وصولی کے حوالے سے کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ میں جواب داخل کروا دیا ہے۔ گزشتہ روز عدالت عالیہ اسلام آباد کے قائم مقام چیف جسٹس عامر فاروق نے پیرا کی جانب سے فیسوں کے حوالے سے نجی سکولوں کو میکانزم کی تیاری کا حکم دینے کے خلاف نجی سکولوں کی درخواست کی سماعت کی۔ دوران سماعت پیرا کے وکیل نے کہا کہ جب تک تفصیلی فیصلہ نہیں آتا پرائیویٹ سکولز پہلے والی فیس ہی برقرار رکھیں۔ اس پر جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ اگر پرائیویٹ سکولز تفصیلی فیصلے تک عملدرآمد کریں تو ایکشن نہیں لیں گے۔ عدالت نے پرائیویٹ سکولز کے وکیل کو ہدایت کی کہ پیرا کی پیشکش کے حوالے سے اپنے موکلان سے مشورہ کر کے بتائیں جس پر پرائیویٹ سکولز کے وکیل نے کہا کہ عدالت وزارت قانون سے سپریم کورٹ کے فیصلے کے حوالے سے جواب طلب کرے۔ سماعت کے دوران پیرا کے وکیل نے درخواست قابل سماعت ہونے پر بھی اعتراض اٹھایا۔ عدالت نے کہا کہ سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے کی کاپی آنے پر فیصلہ کریں گے۔