لاہور (سپورٹس رپورٹر) محکمہ موسمیات نے تین روز میں ملک کے بالائی اور میدانی علاقوں میں مزید مون سون بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔ موسمیات کے مطابق جمعرات سے ہفتہ کے دوران راولپنڈی، سرگودھا، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد، ہزارہ، مالاکنڈ، پشاور، مردان ڈویڑن، اسلام آباد اور کشمیر میں اکثر مقامات پر تیزہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ جبکہ اس دوران کوہاٹ، بنوں، ڈی آئی خان، ڑوب، قلات، سبی، نصیرآباد، ڈی جی خان، ملتان، بہاولپور، ساہیوال ڈویژن اور گلگت بلتستان میں بھی کہیں کہیں تیزہواوں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔ جمعرات سے جمعہ کے دوران ہزارہ، راولپنڈی،گوجرانوالہ ڈویژن اور کشمیر میں جبکہ جمعہ سے ہفتہ کے دوران ژوب، قلات اور ڈی جی خان ڈویژن میں موسلادھار بارش کے باعث مقامی دریاوں / برساتی نالوں میں طغیانی جبکہ تیز بارشوں کے باعث ہزارہ ڈویژن اور کشمیر میں پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور، کوئٹہ اور مکران ڈویژن میں کہیں کہیں پر تیز ہواوں/آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش لاہور میں ہوئی ائرپورٹ26، سٹی06، بلوچستان: بارکھان04، تربت، پنجگور02، دالبندین01 ملی میٹر ریکادڈ کی گئی۔ دوسری طرف فلڈ فور کاسٹنگ ڈویژن نے سیلابی ریلوں کی نئی وارننگ جاری کی ہے دریائے جہلم چناب اور کابل بپھر سکتا ہے محکمہ موسمیات کے مطابق چترال میں موسلادھار بارشوں کا امکان ہے گلیشیئر بھی ٹوٹ سکتے ہیں۔ خیبر پی کے پی ڈی ایم اے نے کل متعلقہ اداروں کوا لرٹ جاری کر دیا۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے ارسا کو آگاہ کیا گیا ہے کہ وہ ملک کے بالائی علاقوں میں مون سون کی شدید بارشوں کی توقع ہے جس کی وجہ سے مختلف دریائوں میں اونچے اور درمیانے درجے کے سیلاب آ سکتے ہیں۔ جس کیلئے مختلف صوبوں کے سیکرٹری آبپاشی اور ضلعی سطح پر آبپاشی کے شعبوں کو انتظامات کی ہدایات کے ساتھ الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔