فرشتہ قتل کیس ، سابق ایس ڈی پی اوکیخلاف انکوائری عدالت میں چیلنج

اسلام آباد (وقائع نگار) ننھی فرشتہ مہمند قتل کیس میں سابق ایس ڈی پی او چوہدری عابد حسین نے اپنے خلاف انکوائری کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔ درخواست میں سیکرٹری داخلہ ، ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر وسیم اور آئی جی اسلام آباد پولیس کو فریق بناتے ہوئے کہا گیا ہے کہ واقعہ کا مقدمہ درج کرنا ایس ایچ او کی ذمہ داری ہے جس میں ایس ڈی پی او کا کوئی کردار نہیں ہے۔ سائل ایک پرامن اور قانون پسند شہری ہے جس کو ناقص سپروائزی کا الزام لگا کرعہدہ سے ہٹایا گیا ہے۔ سیکرٹری داخلہ نے چارج شیٹ کیا حالانکہ فرشتہ قتل کیس میں کسی قسم کی غفلت کا مظاہرہ نہیں کیا۔ وقوعے کا مقدمہ تھانہ شہزاد ٹاون میں درج ہوا جس کے ملزمان بھی گرفتار کرلئے گئے۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت پولیس حکام کی طرف سے انکوائری کو کالعدم قرار دیتے ہوئے انکوائری رپورٹ پر نوکریوں سے برطرفی سمیت دیگر اقدامات سے روکا جائے۔

ای پیپر دی نیشن