ایک ہفتے میں 17اشیاء مہنگی‘ 11سستی‘ مہنگائی کی شرح10.5فیصد :ادارہ شماریات

لاہور‘ اسلام آباد(کامرس رپورٹر‘ نمائندہ خصوصی)حکومت کے نوٹس لینے کے باوجود مارکیٹ میں آٹا اور چینی سستی ہونے کی بجائے مزید مہنگی ہو گئی۔ سرکاری رپورٹ کے مطابق ہفتے کے دوران چاول ،دودھ ، دہی، سبزیاں اور گوشت بھی مزید مہنگا ہو گیا۔ ہفت روزہ بنیاد پر مہنگائی کی اوسط شرح ساڑھے دس فیصد تک پہنچ گئی۔پاکستان ادارہ شماریات کے مطابق رواں ہفتے کے دوران مارکیٹ میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا مزید 34 روپے مہنگا ہو گیا،، چینی کی فی کلو قیمت میں 2 روپے 52 پیسے کا اضافہ ہوا، آلو، پیاز، دودھ، دہی، چاول، گوشت، بریڈ،چائے اور گڑ بھی مہنگا ہو گیا، کپڑے دھونے والا صابن اور لکڑی کی قیمت بھی بڑھ گئی۔ہفتے کے دوران کھانے پینے اور روز مرہ استعمال کی 17 بنیادی اشیا کی قیمت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیاجس سے ہفت روزہ بنیاد پر مہنگائی کی اوسط شرح 10.5 فیصد تک پہنچ گئی۔ رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے کے دوران کھانے پینے اور روز مرہ استعمال کی 51 بنیادی اشیا میں سے 41 گزشتہ سال کے مقابلے میں 82 فیصد تک مہنگی فروخت ہوئیں گزشتہ سال کے مقابلے میں سرخ مرچ کی قیمت 82 فیصد آلو کی 80 فیصد اور ٹماٹر کی 51 فیصد زیادہ ہو چکی ہے جبکہ دال مونگ 41 فیصد، انڈے 37 فیصد،دال ماش 34 فیصد، گھی 24 فیصد اور چینی گزشتہ سال کے مقابلے میں 21 فیصد مہنگی ہو گئی۔ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں چینی کی قیمت میں 2 روپے 52 پیسے فی کلو کا اضافہ ہوا، جس کے بعد چینی کی قیمت 85 روپے32 پیسے سے بڑھ کر 87 روپے 84 پیسے فی کلو ہو گئی،آلو کی قیمت میں 2.02 روپے فی کلو اضافہ ہوا، جس کے بعد آلو کی قیمت 62.27 روپے سے بڑھ کر 64 روپے 29 پیسے فی کلو ہو گئی۔پیاز 4 روپے فی کلو، 200 گرام سرخ مرچ 16 روپے مہنگی ہوئی ہے،جبکہ ایک ہفتہ میں دہی فی کلو قیمت 2 روپے مہنگا ہوا۔ دودھ، چھوٹا گوشت اور چاول کی قیمت میں بھی اضافہ ہوا۔رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں 11 اشیا ء کی قیمتوں میں کمی ہوئی، چکن 29 روپے 73 پیسے فی کلو سستا ہوا اور کیلے فی درجن 3 روپے، لہسن 2 روپے فی کلو سستا ہوا۔ ایل پی جی کا سلنڈر بھی 7 روپے سستا ہوا۔

ای پیپر دی نیشن