اسلام آباد(وقائع نگار )اسلام آبادہائیکورٹ نے پب جی گیم پرپابندی کے خلاف درخواست منظور کرتے ہوئے پی ٹی اے کی طرف سے یکم جولائی کو جاری گیم معطلی کے نوٹیفکیشن کو کالعدم قرار دے دیا۔گذشتہ روز جسٹس عامرفاروق کی عدالت نے محفوظ شدہ فیصلہ سناتے ہوئے کہاکہ پی ٹی اے پب جی گیم کو فوری کھول دے،پی ٹی اے کا پب جی پر پابندی کا فیصلہ کالعدم قراردیاجاتاہے،پی ٹی اے نے شہریوں کی شکایات کے بعد پب جی پرپابندی لگائی تھی،عدالت نے پب جی گیم سے متعلق پی ٹی اے کو نئی ہدایات بھی جاری کرتے ہوئے کہاکہ پی ٹی اے پب جی کے حوالے سے تمام درخواستوں پر سات دن میں دوبارہ فیصلے کرے اور گیم سے متعلق وجوہات پر مشتمل تفصیلی آرڈر کیاجائے،پی ٹی اے تحریری آرڈر میں پب جی کے حوالے سے مکمل تفصیلات فراہم کرے،پی ٹی اے کے گیم معطلی کے یکم جولائی والے نوٹیفکیشن کو کالعدم قرار دیا جاتا ہے۔یاد رہے کہ پاکستان میں پب جی کنٹرول کرنے والی کمپنی نے پی ٹی اے فیصلے کو چیلنج کیا تھا، اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے 14 جولائی کو گزشتہ سماعت پر فیصلہ محفوظ کیا تھا،گزشتہ سماعت پر پی ٹی اے کے وکیل کی جانب سے عدالت کو مطمئن نہیں کیا جا سکا تھا،پی ٹی اے کی جانب سے موقف اپنایا گیا تھا کہ پب جی میں اسلام مخالف اور نازیبا مواد موجود ہے،تاہم پی ٹی اے پب جی میں اسلام مخالف اور نازیبا مواد کے ثبوت پیش نہیں کر سکا تھا،عدالت نے پی ٹی اے سے قانون کی خلاف ورزی کے حوالے سے استفسار کیاتھا،پی ٹی اے عدالت میں قانون کی خلاف ورزی ثابت نہیں کر سکا تھاجس پرعدالت نے دونوں فریقین کی جانب سے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
پب جی گیم پرپابندی کیخلاف درخواست منظور ،گیم معطلی کانوٹیفکیشن کالعدم
Jul 25, 2020