سیالکوٹ (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار) معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے آزاد کشمیر میں بھی حکومتیں بنانے کیلئے باریاں رکھی ہوئی تھی۔ دونوں سیاسی جماعتیں یہ بتانے سے قاصر ہیں کہ انہوں نے کشمیر کی مظلوم عوام کے حق خودارادیت کیلئے دنیا کے ضمیر کو بیدار کرنے کیلئے کیا کیا۔ حقیقت یہ ہے کہ درباری اور حواری کشمیریوں کی امنگوں کی ترجمانی نہ کر سکے۔ ن لیگ کے قائد میاں نواز شریف نے کبھی بھی مودی کے مظالم کی مذمت نہیں کی اور نہ ہی کبھی مودی کے خلاف بیان دیا۔ یہ امر باعث افسوس ہے کہ کشمیریوں کو بے وقوف بنانے والی ن لیگ نے کبھی مودی کے غیر آئینی اور غیر قانونی عمل کی مخالفت تک نہیں کی۔ جعلی راجکماری کشمیر کی حسین وادیوں میں کشمیریوں کے زخموں پر نمک پاشی کر رہی ہے۔ الیکشن مہم کا وقت ختم ہونے کے باوجود اور الیکشن کمیشن کی جانب سے لکھے گئے لیٹر کے باجود جعلی راجکماری پوری ن لیگ قیادت کے ساتھ سیالکوٹ میں جلسہ کرنے آرہی ہے۔ قانون کو ہاتھ میں لینا ن لیگ کا پرانا وطرہ ہے۔ وہ الیکشن کمیشن کے لیٹر کو پاؤں کے نیچے روندکر اور ضابطہ اخلاق کی دھجیاں بکھیر کر جلسہ کر رہی ہے۔ انہوں نے الیکشن کمیشن سے اپیل ہے کہ تمام الیکشن مہم کے دوران ن لیگ ایم این ایز اور ایم پی ایز سٹیج پر چڑھے رہے اور ن لیگ کا شاہی خاندان کے ملازم ووٹ خریدنے کیلئے بریف کیس لیکر پھرتے رہے۔ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے ثبوت الیکشن کمیشن کو جمع کروائیں ہیں۔ میڈیا کو بھی دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ آج پی پی 38 میں ن لیگ جلسہ کرنے جارہی ہے۔ اس جلسہ میں شریک ایم این ایز اور ایم پی ایز کو نااہل ہونے چاہئے۔ اب یہ الیکشن کمیشن کا امتحان ہے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام جن کو آزما چکے ہیں ان کو دوبارہ لوٹ مار کرنے کا موقع نہیں دے گی۔ انہوں نے کہاکہ میں الیکشن کمیشن پر الزام تراشی نہیں کر سکتی۔ کیونکہ میں اسے ایک ادارہ سمجھتی ہوں۔ انہوں نے کہاکہ ملک کی جغرافیہ اور نظریاتی تحفظ کو یقینی بنانے والے اداروں کو ہدف تنقید بنانے والوں کے خلاف الیکشن کمیشن کو ایکشن لینا ہوگا۔ مفرور باپ اور بیٹی پاکستان کو کمزور کرنے کے در پہ ہیں۔