پاکستان میں مقیم کشمیری مہاجرین کی12نشتوں پر پولنگ آ ج ہو گی:تیاریاں مکمل

Jul 25, 2021

 راولپنڈی(محبوب صابر+اپنے سٹاف رپورٹر سے)آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی 53 نشستوں میں سے پاکستان میں مقیم مقبوضہ کشمیر کے مہاجرین کی بارہ نشستوں پر بھی آج25 جولائی کو پولنگ ہوگی ان بارہ نشستوں میں کراچی سے 2 پنجاب سے 9 جبکہ خیبرپختونخواہ سے 1 نشست پر انتخابات ہونگے راولپنڈی اسلام آباد میں تین حلقوں ایل اے 43 ویلی4 ،ایل اے 44 ویلی 5 اور ایل اے 45 جموں 6 شامل ہیں حلقہ ایل اے 43 ویلی 4 میں کل 8 پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں اور اس حلقے سے پاکستان تحریک انصاف کے جاوید بٹ، مسلم لیگ ن کی نسیمہ وانی اور پاکستان پیپلز پارٹی کے حمزہ مجید بزمی سمیت مختلف جماعتوں کے آٹھ امیدوار میدان میں ہیں جبکہ مذکورہ حلقے میں درج ووٹروں کی تعداد کل 2500 ہے، حلقہ ایل اے 44 ویلی 5 میں پولنگ سٹیشنوں کی کل تعداد 27 ہے جبکہ حلقے میں درج ووٹروں کی تعداد 6400 ہے، اس حلقے میں پاکستان تحریک انصاف کے بشیر احمد خان مسلم کانفرنس کی مہرالنسائ،مسلم ن کے محمد احمد رضا قادری پاکستان پیپلز پارٹی کے محمد ارشد اسلام سمیت 13 امیدوار میدان میں ہیں،وقار ڈار بھی میدان میں ہیں جو دو حلقوں ویلی 4اور 5سے حصہ لے رہے ہیں، حلقہ ایل اے 45 جموں 6 میں 36000 ووٹروں کے لئے 147 پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں اور اس حلقے میں تحریک انصاف کی نازیہ نیاز، مسلم لیگ ن کے راجا محمد صدیق اور پیپلز پارٹی کے چودھری فخر زمان سمیت 13امیدوار میدان میں ہیں،جڑواں شہروں روالپنڈی اسلام آباد میں مہاجرین کی تین نشستیں روات گجر خان سے لیکر راجا بازار، باغ سرداراں، اڈیالہ، سیٹلائٹ ٹاؤن، کھنّہ روڑ، راولپنڈی کینٹ، کہوٹہ، کلر سیداں، جی سِکس اسلام آباد، بارہ کہو، کھنّہ، نیو شکریال، سید پور روڑ، ڈھوک حسُو، گارڑن کالج، مری روڑ، اسکیم تھری، چکلالہ کینٹ، چک بیلی، چکری، ادوال، چونترہ،جی نائن، کھنّہ ڈاک اور مری کے علاقوں پر مشتمل ہیں۔دریں اثناء سی پی او راولپنڈی محمدا حسن یونس اور ریٹرننگ افسران نے آزاد کشمیر الیکشن کیلئے انتخابی میٹریل گارڈن کالج میں متعلقہ افسران کے حوالے کرنے کا عمل شروع کر دیا، راولپنڈی میں آزاد کشمیر الیکشن کیلئے 97 پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں،الیکشن میں امن عامہ کو یقینی بنانے اور ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کروانے کے لئے 1500 سے زائد افسران و اہلکار ڈیوٹی سرانجام دینگے۔

مزیدخبریں