کراچی (کامرس رپورٹر) پی آئی اے اور پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ سکردو ائیرپورٹ پر ایک روز میں 6 پروازوں کی آمد ہوئی۔ دور افتادہ علاقہ سمجھے جانے والا سکردو گزشتہ سال تک ہفتے کی صرف 5 پروازوں کا استقبال کرتا تھا۔ وزیر اعظم پاکستان کے وڑن اور وزیر ہوابازی کی ہدایات کی روشنی میں پی آئی اے نے شمالی علاقہ جات کی پروازوں میں غیر معمولی اضافہ کیا۔ سکردو ائیرپورٹ اب ملک کے بڑے ائیرپورٹس کے مقابلے میں زیادہ پروازیں ہینڈل کررہا ہے۔ 24 جولائی کے روز بھی سکردو پر 12 پروازیں ہینڈل ہوئیں ۔پروازیں اسلام آباد کے علاوہ کراچی، لاہور، سیالکوٹ اور فیصل آباد سے پہنچیں اور روانہ ہوئیں۔ سی ای او پی آئی اے ائیر مارشل ارشد ملک نے اس موقع پر وزیر ہوابازی، وزیراعظم پاکستان اور وزیر اعلی گلگت بلتستان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ سی ای او ائیر مارشل ارشد ملک نے اپنے خیالات کا اظہار کر تے ہو? کہا کہ پاکستان کے شمالی علاقہ جات دنیا کے خوبصورت ترین علاقے شمار ہوتے ہیں۔ وقت آگیا ہے کہ ان علاقوں کو پورے پاکستان اور پوری دنیا کیلئے کھولا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی آئی اے اس سلسلے میں پرچم بردار ائیر لائن کی حیثیت اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔