آزاد کشمیر الیکشن: مودی کی زبان بولنے والوں کی ضمانتیں آج ضبط ہونگی: عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے باشعور عوام کل پاکستان تحریک انصاف کے حق میں فیصلہ دیں گے۔ اپوزیشن جماعتوں نے دلفریب نعروں کے سوا کشمیری عوام کیلئے کچھ نہیں کیا۔ ملک و قوم کو لوٹنے والوں کو آزاد کشمیر میں بھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ان عناصر نے مسئلہ کشمیر پر کبھی کھل کر بات نہیں کی اور ہمیشہ اپنے مفادات کو عزیز رکھا۔ کشمیر کے غیور عوام اپوزیشن کے بہکاوے میں نہیں آئیں گے اور تحریک انصاف کے امیدواروں کو کامیاب کرائیں گے۔ مودی کی زبان بولنے والوں کی کل ضمانتیں ضبط ہو جائیں گی۔ عمران خان نے کشمیریوں پر بھارت کے جبر و استبداد کے خلاف بھرپور آواز بلند کی۔ کشمیری عوام جانتے ہیں وزیراعظم نے تنازعہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کیا اور وزیراعظم ہی کشمیری عوام کے حقیقی وکیل ہیں۔ وزیراعظم کی قیادت میں پی ٹی آئی کی حکومت نے مودی سرکار کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کرونا ویکسینیشن کی خصوصی مہم 26 جولائی سے 10 اگست تک جاری رہے گی۔ خصوصی مہم کے دوران موبائل ٹیمیں شہریوں کو ویکسین لگائیں گی۔ سپیشل ٹیمیں مارکیٹوں اور بازاروں میں جا کر دوکانداروں کی ویکسینیشن کریں گی۔ ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں اور ان کے تیمارداروں کو بھی ویکسین لگائی جائے گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو خصوصی مہم کو کامیاب بنانے کیلئے متحرک کردار ادا کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کرونا کی خصوصی مہم کی خود نگرانی کروں گا۔ عثمان بزدار نے عیدالاضحیٰ کے موقع پرپنجاب بھر میں صفائی کے بہترین انتظامات پر انتظامیہ اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کی کارکردگی کی تحسین کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے عیدالاضحیٰ کے تینوں روز لاہور سمیت پنجاب بھر میں صفائی کے انتظامات پر متعلقہ اداروں کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ  صفائی کے بہترین انتظامات پر سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیاں اور انتظامیہ مبارکباد کی مستحق ہے۔ عثمان بزدار نے عیدالاضحیٰ پر عوام کی جان ومال کے تحفظ کیلئے صوبے بھر میں سکیورٹی کے بہترین انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے اور عید ڈیوٹی کرنے والے انتظامی و پولیس افسروں اور اہلکاروں کو شاباش دی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کابینہ کمیٹی برائے امن وامان کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دوسروں کے آرام اور سکھ کیلئے اپنی خوشی قربان کرنے والے قابل ستائش ہیں اور ڈیوٹی کو دوسروں کی سہولت کیلئے سرانجام دینا کسی عبادت سے کم نہیں۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...