لاہور (نوائے وقت رپورٹ) آبروئے صحافت معمار نوائے وقت، تحریک پاکستان کے سرگرم کارکن، رہبر پاکستان اور نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے سابق چیئرمین مجید نظامی کی ساتویں برس کل سوموار 26 جولائی کو عقیدت و احترام سے منائی جائیگی۔ اس موقع پر ان کے درجات کی بلندی کیلئے خصوصی دعائیہ تقریبات ہوں گی۔ جن میں ان کی قومی، ملی، صحافتی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا جائے۔ علاوہ ازیں26 جولائی کو 9:00 بجے صبح کارکنان تحریک پاکستان ، نظریۂ پاکستان ٹرسٹ ، تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے عہدیداران و کارکنان قبرستان میانی صاحب میں مجید نظامی مرحوم کے مزار پر حاضری دیں گے، ان کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کریں گے اور پھولوں کی چادریں چڑھائیں گے۔ 10:00 بجے صبح ایوان کارکنان تحریک پاکستان، لاہورمیںقرآن خوانی ہو گی، ختم ودعا 11:30 بجے ہو گی۔ بعدازاں ایک خصوصی نشست منعقد ہو گی جس کی صدارت نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے وائس چیئرمین میاں فاروق الطاف کریں گے جبکہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات مجید نظامی کی قومی‘ ملی اور صحافتی خدمات پر روشنی ڈالیں گے۔ ان تقریبات کا اہتمام نظریۂ پاکستان ٹرسٹ نے تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا ہے۔ یاد رہے کہ مجید نظامی 26 جولائی 2014ء کو رمضان المبارک کی ستائیسویں شب وصال فرما گئے تھے ۔