طالبان نے امریکی فوج کے مترجم کا سر قلم کردیا، 31 صوبوں میں رات کا کرفیو

کابل (شہنوا+انٹرنیشنل ڈیسک) افغان حکومت نے پرتشدد حالات اور طالبان کی سرگرمیوں پر قابو پانے کے لیے ملک کے 34 میں سے 31 صوبوں میں رات کا کرفیو نافذکر دیا۔ وزارت داخلہ نے ایک بیان میں کہا تشدد میں کمی اور طالبان کی سرگرمیاں روکنے کے لیے 31 صوبوں میں رات کا کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔ کرفیو رات 10 بجے سے لیکر صبح بجے تک رہے گا۔ اس دوران غیر ضروری طور پر باہر نکلنے پر پابندی ہوگی۔ افغان وزارت داخلہ کے مطابق کابل، ننگرہار اور پنج شیر صوبے مستثنٰی ہوں گے۔ دوسری جانب افغان وزارت دفاع نے 24گھنٹوں میں 13صوبوں میں افغان فورسز کے آپریشن میں 262طالبان جنگجوہلاک کرنے کا دعوٰی کیا ہے۔ طالبان نے امریکی فوج کے لیے مترجم کا کام سرانجام دینے والے افغان شہری کا سر قلم کر دیا۔ امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق یہ واقعہ 12 مئی کو پیش آیا، افغان شہری سہیل پردیس جو امریکی فوج کے مترجم کے طور پر کام کرتا تھا۔ عید کی چھٹیوں کے موقع پر اپنی بہن کو اپنے گھر لے جا رہا تھا کہ راستے میں طالبان نے گاڑی روک کر سر قلم کر دیا۔ امریکی فورسز کے لیے مترجم کا کام کرنے والے تمام افراد خوف کے سائے تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ انہیں خدشہ ہے کہ طالبان انہیں بھی جان سے مار دیں گے۔

ای پیپر دی نیشن