کرونا:32 اموات، لاہور، گوجرانوالہ سمیت5 شہروں میںگھر گھر ویکسینیشن مہم کا فیصلہ

Jul 25, 2021

اسلام آباد + لاہور + گوجرانوالہ (نامہ نگار +سٹی رپورٹر+ نمائندہ خصوصی+ ایجنسیاں)  کرونا سے پاکستان میں مزید 32 افراد جاں بحق ہو گئے۔ جبکہ کراچی میں وباء کی شدت کے باعث پابندیاں آج سے سخت،  تعلیمی ادارے بھی بند رہیں گے۔ یکم اگست سے اندرون  ملک ہوائی سفر کیلئے کرونا ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ لازمی قرار دیا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ اپنے آپ کو پریشانی سے بچانے کیلئے 31 جولائی تک ویکسین لگوا کر  سرٹیفکیٹ حاصل کریں۔ بصورت دیگر ہوائی سفر ممنوع ہوگا۔کرونا وائرس ملک میں1841نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ مثبت کیسز کی شرح تقریباً 5 فیصد ہو گئی۔ اب تک 22 ہزار 971 مریض انتقال کر چکے۔ اسد عمر نے کہا ہے کہ پاکستان میں کرونا سے اموات کی شرح10لاکھ افراد میں 102 ہے۔  ایران 1037، نیپال  326، بھارت 301، سری لنکا میں 186 اموات، افغانستان میں 160، بنگلا دیش میں113 ہوئیں۔ اسد عمر نے یہ بھی کہا ہے کہ خطرہ ختم نہیں ہوا۔ ایس او پیز پر عمل کریں اور ویکسین لگوائیں۔ پنجاب کے 5 شہروں میں محکمہ صحت کی ٹیمیں ویکسی نیشن کے لئے گھر گھر جائیں گی۔ ٹیم ایک کوالیفائیڈ ڈاکٹر، ڈیٹا آپریٹر اور ایک ویکسی نیٹر پر مشتمل ہوگی۔ سائنو ویک اور سائنو فارم ویکسین لگائی جائے گی۔ ہر یونین کونسل میں دو ٹیمیں ویکسی نیشن کے لیے گھر گھر جائیں گی۔ کراچی میں کرونا کیسز کی شرح 21.5 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ حیدرآباد میں شرح 10.5 فیصد اور سندھ میں شرح دس فیصد رہی۔ آزاد کشمیر میں مثبت کیسز کی شرح 20 فیصد پر پہنچ گئی۔ اسلام آباد میں آٹھ فیصد، پنجاب بھر میں شرح اڑھائی فیصد رہی۔ پنجاب حکومت نے لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، ملتان اور راولپنڈی میں 26جولائی سے گھر گھرکرونا ویکسینیشن مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد اور چیف سیکرٹری پنجاب کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ این سی او سی نے 14اگست تک لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، ملتان کی18سال سے زائد عمر کی 40فیصد آبادی جبکہ راولپنڈی کی 70فیصد آبادی کو ویکسیئن لگانے کا ہدف دیا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ لاہور میں ڈرائیو تھرو ویکسینیشن سینٹرز میں اضافہ کیا جائے۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ این سی او سی کی جانب سے دیئے گئے ویکسینیشن کے اہداف کو پورا کیا جائے گا اورگھر گھر ویکسینیشن کیلئے موبائل ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ سال کے آخر تک پنجاب کے 2 کروڑ93 لاکھ خاندانوں کو فیملی انشورنس کیلئے جاری کر دیا جائے گا ابتک 85لاکھ لوگوں کو صحت کارڈ جاری کر دیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوجرانوالہ میڈیکل کالج کے دورہ کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ گوجرانوالہ میڈیکل کالج سے ملحقہ ٹیچنگ ہسپتال کو 2022 میں مکمل آپریشنل کر دیا جائے گا۔ ڈاکٹرزکو بر وقت ترقیاں دینگے‘ لاہور اور راولپنڈی میں انڈین ویرینٹ (ڈیلٹا) آنے سے مریض بڑھے ہیں۔ نواز شریف کی بیماری سے متعلق میں خود ان سے ملنے گئی۔ ہر سہولت دی‘ نواز شریف اب یا تو ٹھیک نہیں ہوئے یا یہ ہے کہ ٹھیک نہ ہو کر بھی سیر سپاٹے کر رہے‘ نواز شریف واپسی کا وعدہ کر کے گئے اب اپنا وعدہ پورا نہیں کر رہے۔

مزیدخبریں