کمیونٹی گائیڈز کی تعیناتی تھانہ کلچر کی تبدیلی کی طرف پہلا قدم ہے:سی سی پی او

لا ہو ر (وقائع نگار)سی سی پی او لاہور ایڈیشنل آئی جی غلام محمود ڈوگر نے کہا ہے کہ پولیس سٹیشنز میں کمیونٹی گائیڈز کی تعیناتی دراصل تھانہ کلچر کی تبدیلی کی طرف پہلا قدم اور عوام دوست پولیسنگ کا نقطہء آغاز ہے۔کمیونٹی گائیڈز تھانوں کی دہلیز سے لیکر داد رسی تک شہریوں کو بھرپور مدد اور مکمل رہنمائی فراہم کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کمیونٹی گائیڈرز کی تعیناتی سے تھانہ کلچر میں واضح اور مثبت تبدیلی نظر آئے گی۔کمیونٹی گائیڈز کی تعیناتی کے بعد اب شہریوں کو تھانوں میں کسی اجنبیت اور خوف کا احساس باقی نہیں رہا۔گنجان آبادیوں،مخصوص کرائم ہاٹ سپاٹ علاقوں میں موثر پٹرولنگ اور ناکہ بندی کے ذریعے جرائم پر قابو پانے کیلئے ابابیل فورس کے قیام سے منشیات فروشوں،نا جائز اسلحہ اوراشتہاری مجرموں کی بیخ کنی میں بے حد مدد ملی ہے۔انہوں نے یہ بات ڈسٹرکٹ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ لاہور کے تمام تھانوں میں تعینات کمیونٹی گائیڈز اور ابابیل فورس کے جوانوں سے مشترکہ نشست کے دوران کہی۔ایس ایس پی ایڈمن وقار شعیب قریشی، ایس پی ہیڈ کوارٹرز عمران احمد ملک و دیگر اعلٰی افسران اس موقع پر موجود تھے۔ اجلاس میں کمیونٹی گائیڈزکی کارکردگی،ایس ایچ اوز اور انچارج انوسٹی گیشنز کے ساتھ کوارڈینیشن میں بہتری کے امور نیز مشترکہ مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سی سی پی او غلام محمود ڈوگر نے اس امر پر خوشی کا اظہار کیا کہ کمیونٹی گائیڈز نے چار ماہ کی قلیل مدت میں انتہائی جانفشانی، ہمت اور ولولے سے  تھانوں میں آنے والے 30 ہزار سے زائد شہریوں کو مدد اور رہنمائی فراہم کی۔اس موقع پر کمیونٹی گائیڈز نے شہریوں کی مدد کیحوالے اپنے تجربات اور احساسات سے سی سی پی او لاہور کو آگاہ کیا۔ 

ای پیپر دی نیشن