سندھ حکومت 13سال سے مسلط‘کراچی کوتباہ کر دیا ،حافظ نعیم الرحمن 

کراچی (نیوزرپورٹر)پیپلز پارٹی 13 سال سے مسلسل سندھ میں حکومت کررہی ہے اور ان برسوں میں  اس نے کراچی کو تباہ اور برباد کیا۔ پیپلز پارٹی کی حکومت کراچی میں ایڈمنسٹریٹر لگاکر کرپشن تو کرتی ہے لیکن کام نہیں کرتی۔ کراچی میں صفائی ستھرائی کے لیے کو ئی موثر انتظام نہیں ہے۔عید الاضحیٰ کے
 موقع پر بھی شہر میں آلائشیں اُٹھانے اور صفائی ستھرائی کرنے میں حکومت اور متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داری پوری نہ کر سکے اور شہریوں کو پریشانی اور اذیت کا سامنا کرنا پڑا ۔کراچی ٹرانسفارمیشن کمیٹی صرف دعوے اور وعدے کرتی ہے ،پی ٹی آئی کی حکومت سے عوام کو توقعات تھیں کہ وہ کراچی کے لیے کچھ کرے گی مگر اس نے بھی عملاً کچھ نہیں کیا ۔ کراچی کے مسائل بڑھانے میں پی ٹی آئی ، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم برابر کی شریک ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی اورالخدمت کے تحت مستحقین میں گوشت کی تقسیم کے سلسلے میں سلاٹر ہاؤس کادورہ اورمیڈیاکے نمائندوں سے گفتگوکرتے ہوئے کیا ۔حافظ نعیم الرحمن نے مصروف عمل کارکنوں اور رضاکاروں سے ملاقاتیں کیں ، ان کے جذبوں اور حوصلوں کو سراہا اورسرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ نعمت اللہ خان کے دور میں پانی کے لیے k-3منصوبہ مکمل کیا گیا اور K-4کا آغاز کیا ، بد قسمتی سے اس کے بعد کراچی کے شہریوں کے لیے ایک قطرہ پانی کا اضافہ نہیں کیاگیا۔ کے فور پر 16 ارب روپے خرچ کیے گئے۔ حکمران بتائیں کہ ان 16 ارب روپے کا حساب کون دے گا۔K-4کا منصوبہ اگر اپنے مقررہ وقت پر مکمل ہو جاتا تو آج شہرمیں پانی کی قلت اور بحران کی موجود صورتحال پیدا نہ ہوتی ۔ 
حافظ نعیم الرحمن 

ای پیپر دی نیشن