آزاد جموں و کشمیر کے الیکشن میں بد نظمی کے متعدد واقعات پیش آئے ہیں جن کی شکایت الیکشن کمیشن کے پاس جمع کرا دی گئی ہے۔
آزاد کشمیر کے حلقے ایل اے 25 نیلم ون کے حساس ترین پولنگ اسٹیشن نمبر 53 پر ہنگامہ آرائی کے دوران ن لیگ اور تحریک انصا ف کے ایجنٹوں کی جانب سے ووٹر سلپ پھاڑ دی گئیں، جس کے بعد پولنگ آفیسر کی جانب سے پولنگ کے عمل روک دیا گیا۔
کوٹلی کے حلقہ ایل اے 12 چڑھوئی میں پولنگ اسٹیشن پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے ۔پولیس کے مطابق تصادم دو سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کے درمیان ہوا۔ پولیس صورتحال کنٹرول کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
اطلاعات ہیں کہ کوٹلی میں پیپلزپارٹی کے امیدوار چودھری یاسین کی گاڑی پر بھی حملہ ہوا ہے۔ پیپلزپارٹی نے الزام لگایا ہے کہ چودھری یاسین کی گاڑی پر حملہ پی ٹی آئی کارکنوں نے کیا۔فائرنگ سے گاڑی چھلنی ہوگئی تاہم چوہدری یسین بال بال بچ گئے۔ پیپلزپارٹی کا کہنا ہے کہ االیکشن کمیشن اور انتظامیہ فوری کارروائی کرے۔ انتخابی حلقے LA-44 میں پولنگ اسٹیشن 20 حیدر امین شہید ماڈل اسکول کے قریب واقع پاکستان پیپلزپارٹی کا پولنگ کیمپ اکھاڑ دیا گیا ہے۔اطلاعات ہیں کہ پولیس کی مدد سے پی ٹی آئی کارکنان نے اکھاڑا جو کہ 400 میٹر کے فاصلے پر تھا۔ جبکہ پی ٹی آئی کا 200میٹر کے فاصلے پر واقع کیمپ برقرار رہا۔حلقہ ایل اے44 میں مبینہ طور پر پولیس ہدایات دے رہی ہے کہ کس کو ووٹ دینا اور کس کو نہیں دینا۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی الیکشن سیل کے سربراہ سینیٹر تاج حیدر نے آزاد جموں و کشمیر کے سیکریٹری الیکشن کمیشن کو واقعات کی تحریری شکایت جمع کرادی ہے۔
حلقہ 45 کے پشاور سٹی نمبر2 اسکول میں بھی پولنگ روک دی گئی ہے۔ اطلاعات ہیں کہ پولنگ ایجنٹوں کی بد نظمی کے باعث روکی گئی۔پولیس نے ہنگامی آرائی کرنےوالے6 افرادکو حراست میں لیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حالات معمول پرآنے تک کسی کواندرجانےکی اجازت نہیں دےسکتے۔
راولاکوٹ کے حلقے ایل اے 20 ریڑبن میں ووٹرز کےاحتجاج کے باعث پولنگ اسٹیشن کو تالے لگا دیئے گئے ہیں۔ اطلاعات ہیں کہ ووٹرز نے پولنگ عملے کو اسٹیشن کے اندر داخل نہیں ہونے دیا۔مظاہرین کا کہنا ہے کہ ہمارے 150ووٹ دوسری جگہ منتقل کیے گئے ہیں۔ احتجاج کی وجہ سے پولنگ بوتھ بند ہے اور ووٹنگ تاحال شروع نہیں ہو سکی۔
ضلع راولپنڈی میں آزاد جموں و کشمیر کے انتخابی حلقے LA-43 کے ملت کالونی فوارہ چوک پولنگ اسٹیشن پر پیپلزپارٹی کے کیمپ کو اکھاڑ دیا جبکہ پی ٹی آئی کیمپ برقرار ہے۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی الیکشن سیل کے سربراہ سینیٹر تاج حیدر نے آزاد جموں و کشمیر کے سیکریٹری الیکشن کمیشن کو معاملے کی تحریری شکایت جمع کرادی۔