آزاد کشمیر کے انتخابات مجموعی طورپر پرامن رہے۔ چیف الیکشن کمشنر

چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں کشمیر سردار عبدالرشید سلہریا نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے انتخابات مجموعی طورپر پرامن رہے، پاک فوج اوردوسرے سیکورٹی اداروں نے پرامن انتخابات کے انعقاد میں موثر کردارادا کیا جس کیلئے ہم ان کے شکرگزار ہیں تاہم انتخابی عمل کے دوران چند شکایات موصول ہوئی ہیں ،کوٹلی کے واقعہ میں ہونے والے جانی نقصان پر دکھ ہے۔ انتظامیہ کو اس واقعہ میں ملوث ملزمان کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی ہے ۔ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حالیہ انتخابات کے دوران ملنے والی چند شکایات پر انتظامیہ سے کہہ دیا گیا ہے کہ واقعات کی چھان بین کے بعد  واقعاتی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ جہاں جہاں خلاف ورزیاں ہوئی ہیں بعض جگہوں پر ایف آئی آر درج ہوئی ہیں اور بعض جگہ ملازمین معطل بھی کیے گئے  ہیں۔ آزاد کشمیر کے حالیہ انتخابات کے دوران انتخابی عمل کو شفاف بنانے کیلئے الیکشن کمیشن پاکستان کی رہنمائی حاصل رہی ہے۔ پاکستان کے 12 حلقوں میں الیکشن کمیشن پاکستان کے ہی آفیسر کام کرتے ہیں۔ انہوں نے ہماری بہت مدد کی ہے۔ الیکشن کمیشن آف آزاد کشمیر کی درخواست پر حکومت پاکستان نے پولنگ اسٹیشنوں پر پاک فوج کے دستے ایف سی، پنجاب کانسٹیبلری ،پاکستان رینجرز اور سندھ رینجرز کے دستے تعینات کیے گئے تھے ۔الیکشن کمیشن ان تمام اداروں کا شکر گزار ہے جنہوں نے عید کے موقع پر اپنی عید کی خوشیوں کو ترک کرتے ہوئے انتخابی عمل شفافیت میں اپنا حصہ ڈالا۔ آزاد کشمیر کی انتظامیہ کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں کیونکہ انہوں نے بھی دن رات محنت کی ہے۔ جن اداروں نے ہماری مدد کی ہے مجھ سمیت الیکشن کمیشن آزاد کشمیر کا تمام عملہ ان کی کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔ انتخابی عمل کے جملہ مراحل کے دوران آزاد کشمیر پاکستان بھر کے الیکٹرونک پرنٹ میڈیا تجزیہ نگاروں اور صحافی حضرات کی خدمات لائق تحسین ہیں اور ہم ان سب کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں  ابھی تھوڑی دیر پہلے  بھی اطلاع ملی ہے کہ پاک فوج کے چار جوان لسوا کے مقام پر گاڑی گہری کھائی میں گرنے سے شہید ہوگئے ہیں جس کا  الیکشن کمیشن کو انتہائی دکھ ہے، الیکشن کمیشن اس نقصان پر پاکستان فوج کے سربراہ اورشہداء کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتا ہے اور شہداء کے درجات کی بلندی اورمغفرت کی دعا کرتا ہے۔

ای پیپر دی نیشن