لاہور (خصوصی نامہ نگار) پنجاب کابینہ کی حلف برداری پر سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ جہازی سائز کی کابینہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔ ایک بیان میں چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ٹرسٹی وزیراعلیٰ نے اقتدار بچانے کیلئے پنجاب حکومت کے خزانے کا منہ کھول دیا، ہر تین میں سے ایک شخص کو وزیر بنا دیا گیا ہے۔ آج کابینہ کا حلف کسی مذاق سے کم نہیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ تریسٹھ وزراء یا وزیر کے برابر مراعات دے کر ٹرسٹی وزیراعلیٰ سپریم کورٹ کے حکم کا مذاق اڑا رہے ہیں، پنجاب کابینہ کی حلف برداری اور کابینہ کا یہ سائز بھی ان حکمرانوں کو نہیں بچا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ غیر آئینی اقدامات کے مرتکب ہونے والے ان حکمرانوں پر توہین عدالت بھی لگنی چاہئے۔