یوکرائن جنگ میں دوامریکی شہریوں کی ہلاکت کی تصدیق

Jul 25, 2022

واشنگٹن (این این آئی)امریکی محکمہ خارجہ نے یوکرین کے مشرقی علاقے ڈونبس میں دوامریکی شہریوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔روسی فوج نے فروری میں یوکرین پر چڑھائی کے بعد اب ڈونبس پر اپنی توجہ مرکوز کررکھی ہے اوروہاں یوکرینی فوج کے خلاف بھاری توپ خانے سے گولہ باری اور فضائی بمباری کررہی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق یوکرین نے روسی فوج کے خلاف لڑائی کے لیے بین الاقوامی رضاکاروں پرمشتمل ایک فورس بھی تشکیل دی ہے۔ان غیرملکیوں کی سابقہ فوجی تربیت مختلف درجے کی ہے۔تاہم امریکی محکمہ خارجہ نے اس بات کی تصدیق نہیں کی کہ آیا یوکرین میں کام آنے والاجوڑا وہاں جنگی مقاصد کے لیے گیا تھا یا کوئی اورکام کررہا تھا۔محکمہ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ہم دونوں سوگوار خاندانوں کے ساتھ رابطے میں ہیں اورانھیں ہر ممکن قونصلرامداد مہیا کررہے ہیں۔انھوں نے مزید واضح کیا کہ اس مشکل وقت میں وہ خاندانوں کے احترام کے پیش نظر مزید کوئی معلومات فراہم کرنے سے قاصر ہیں۔دریں اثنا امریکی صدر جو بائیڈن اورمحکمہ خارجہ نے اپنے شہریوں کوجنگ میں حصہ لینے کے لیے یوکرین کا سفر کرنے سے خبردارکیا ۔

مزیدخبریں