میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں کے داخلے  سال 2022-23 کے لیے داخلہ  کی متفقہ تاریخوں کی توثیق 


کراچی (نیوز رپورٹر)پاکستان میڈیکل کمیشن کی نیشنل ایڈمیشن شیڈولنگ کمیٹی نے پی ایم سی ہیڈ آفس میں ہونے والے اپنے اجلاس میں اتفاق رائے سے میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں 2022-23 کے داخلوں کے شیڈول کا فیصلہ کیا۔اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ تمام پبلک میڈیکل کالجوں کے داخلے 17 اکتوبر 2022 سے شروع کیے جائیں گے اور تمام خصوصی نشستوں سمیت 31 دسمبر 2022 تک مکمل کر لئے جائیں گے۔پرائیویٹ میڈیکل کالجوں میں داخلے 31 جنوری 2023 تک مکمل ہو جائیں گے۔اس کے بعدپبلک ڈینٹل کالجوں میں داخلے 14 فروری 2023 تک مکمل ہو جائیں گے اور آخر میں پرائیویٹ ڈینٹل کالجوں میں داخلے 28 فروری 2023 تک مکمل ہو جائیں گے۔ضوابط کے مطابق کالجزاور یونیورسٹیاں مئی 2022 کے بعد کسی بھی وقت درخواستیں وصول کرنے کیلئے آزاد ہیں۔ MDCAT امتحان کے نتیجہ کا اعلان 7 اکتوبر 2022 کو کیا جائے گا جس میں پاکستان سمیت دنیا بھر سے 2لاکھ سے زائد طلباء MDCAT امتحان دینے کے لیے رجسٹرڈ ہیں۔جن طلباء  نے 2021 میں MDCAT کا امتحان دیا تھا وہ بھی داخلے کے لیے درخواست دیتے وقت اپنے 2021 کے نتائج کو 2022 MDCAT کے مساوی استعمال کر سکیں گے۔سرکاری کالجوں میں داخلے کے حوالے سے ہر صوبہ یا علاقہ میڈیکل کالجوں میں داخلے کے لیے 65% اور ڈینٹل کالجوں میں داخلے کے لیے 55% نمبروں کیساتھ MDCATکوالیفائی کرنے والے طلبا ء کی بنیاد پر میرٹ کا ڈھانچہ مرتب کرے گا۔پرائیویٹ کالجز/یونیورسٹیاں بھی داخلوں کے عمل میں میڈیکل اور ڈینٹل پروگرامزکے لیے مطلع شدہ اہلیت کے مطابق MDCAT پاس کرنے والے طلباء کی بنیاد پر اپنے انفرادی میرٹ کے معیار کا تعین کریں گی۔میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے وضع کردہ ضوابط کے مطابق نیشنل ایڈمیشن شیڈولنگ کمیٹی کل 11 ممبران پر مشتمل ہے۔کمیٹی کے ارکان میں ڈاکٹر اللہ رکھا (پنجاب-یو ایچ ایس)، پروفیسر جواد احمد (KPK-KMU) اور پروفیسر ریاض احمد شیخ (سندھ)، پروفیسر ڈاکٹر ظاہر خان مندوخیل (بلوچستان داخلہ کمیٹی)، پروفیسر ملازم حسین بخاری (آزاد جموں و کشمیر داخلہ کمیٹی)، پروفیسر موسیٰ خان (وفاقی دارالحکومت-SZAMBU)، بریگیڈیئر اظہر شمس(NUMS)، پروفیسر ڈاکٹر عبدالرشید میاں اور غلام نورانی (نجی میڈیکل کالجز کے نامزد افراد)اور ڈاکٹر علی فرحان اور ڈاکٹر محمد رضوان صغیر چٹھہ (نجی ڈینٹل کالجز کے نامزد افراد) شامل ہیں۔ اجلاس میں ڈاکٹر اللہ رکھا، پروفیسر جواد احمد، پروفیسر ڈاکٹر ظاہر خان مندوخیل، پروفیسر ریاض احمد شیخ، پروفیسر ملازم حسین بخاری، بریگیڈیئر اظہر شمس اور ڈاکٹر علی فرحان نے شرکت کی۔ایگزیکٹو ممبر پی ایم سی اور ممبر لائسنسنگ پی ایم سی نے کمیٹی کی مدد کی۔پاکستان میڈیکل کمیشن نے میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں کے لیے اتفاق رائے پر مبنی بینچ مارکس قائم کرنے کیلئے مسلسل کاوشیں کیں اور اس سال کے شروع میں نیشنل ایڈمیشن شیڈولنگ کمیٹی کی تشکیل کے لیے ضوابط وضع کیے تھے۔کمیٹی میں تمام صوبوں کے سرکاری کالجوں اور نجی میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں کی نمائندگی موجود ہے۔ہر نجی میڈیکل اور ڈینٹل کالج سے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی درخواست کی گئی۔

ای پیپر دی نیشن