لاہور(سپورٹس رپورٹر)سری لنکا نے پاکستان کے خلاف سیریز کا دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کے اختتام پر 6 وکٹوں کے نقصان پر 315 رنز بنالیے۔گال میں کھیلے جارہے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں میزبان کپتان دیموتھ کرونا رتنے نے ٹاس جیت بیٹنگ کا فیصلہ کیا ۔ سری لنکا کی جانب سے اوشاڈا فرنینڈو اور دیمتھ کرونا رتنے نے اننگز کا آغاز کیا اور 92 رنز پر پہلا کھلاڑی آؤٹ ہو گیا۔ اوشادا فرنینڈو 3 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 70 رنز بنائے اور محمد نواز کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔سری لنکا کے دوسرے کھلاڑی کوشل مینڈس 10 گیندیں ہی کھیل سکے اور 3 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے اور 96 رنز پر ہی سری لنکا کا دوسرا کھلاڑی آؤٹ ہو گیا۔ میزبان ٹیم کے تیسرے کھلاڑی کپتان دیموتھ کرونارتنے 40 رنز بنا کر یاسر شاہ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے اور 120 رنز پر سری لنکا 3 وکٹوں کا نقصان اٹھا چکا تھا۔سری لنکا کی چوتھی وکٹ195رنز پر اینجلو میتھیوز کی گری۔ وہ 42 رنز بنا کر نعمان علی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ 258 رنز پر سری لنکا کی پانچویں وکٹ گری۔دنیش چندی مل 80رنز بناکر چلتے بنے ۔ انہیں محمد نواز کی گیند پر فواد عالم نے کیچ آئوٹ کیا ۔ چھٹی وکٹ 290رنز پر گری جب دھننجایا ڈی سلوا 33رنز بناکر آئوٹ ہوئے ۔ انہیں نسیم شاہ نے بولڈ کیا ۔ میچ کے پہلے دن کھیل کے اختتام پر نیروشان ڈکویلا 42 اور دیونیتھ ویلاگے 6 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔پاکستان کی جانب سے محمد نواز نے 2 جبکہ نعمان علی، یاسر شاہ اور نسیم شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔سری لنکا نے دوسرے میچ میں ایک تبدیلی کی ہے، آسٹریلیا کے خلاف شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کرنے والے سپنر دینوتھ ویلاگے کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔قومی ٹیم میں انجری کے شکار شاہین آفریدی کی جگہ نعمان علی جبکہ اظہر علی کی جگہ فواد عالم کو فائنل الیون کا حصہ بنایا گیا ہے۔