3 ارب 80 کروڑ ڈالر سونا کے ذخائر ، کیش کرانے کے حالات نہیں : ڈپٹی گورنر سٹیٹ بنک 

Jul 25, 2022


 لاہور( کامرس رپورٹر)ڈپٹی گورنر سٹیٹ بنک عنایت حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کے سونے کے ذخائر 3 ارب 80 کروڑ ڈالر ہیں اوریہ ذخائر غیر ملکی زر مبادلہ 9.3 ارب ڈالر کے ذخائر کے علاوہ ہیں۔ ابھی وہ حالات نہیں کہ ہم سونے کے ذخائر کو کیش کرا لیں۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ پاکستان کے غیر ملکی زر مبادلہ کے ذخائر 9 ارب 30 کروڑ ڈالر کے ہیں، یہ ذخائر بہت اچھے نہیں، انہیں3 ماہ کی درآمدت کے برابر ہونا چاہیے، مگر یہ اتنے برے بھی نہیں کہ ہم پریشان ہوں۔رواں سال ہمیں جتنے ڈالرز کی ضرورت ہے وہ ہم آسانی سے پورا کر لیں گے۔ڈپٹی گورنر کے مطابق دسمبر سے تاحال روپے کی قدر میں 18 فیصد کمی ہوئی، جبکہ 12 فی صد کمی عالمی سطح پر ڈالر کی قدر میں اضافے سے ہوئی ہے، ملک کے سیاسی حالات کی وجہ سے بھی روپے کی قدر میں کمی ہوئی ہے۔عنایت حسین نے کہا گیس اور آئل کی ایل سیز کنفرم نہ ہونے کی شکایت آئیں تھی مگراب وہ ختم ہو چکی ہیں، نیز آئی ایم ایف سٹاف لیول معاہدے کے بعد انٹرنیشنل بینکوں کی طرف سے کوئی شکایت نہیں آئی۔

مزیدخبریں