حافظ آباد(نمائندہ نوائے وقت+نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار)ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام شاعر انقلاب حبیب جالب مرحوم کی یاد میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی ۔جس میں مہمان خصوصی حبیب جالب مرحوم کی بیٹی طاہرہ حبیب جالب تھیں۔جبکہ تقریب میں ممبرز پنجاب بار کونسل عابد ساقی، فاروق کھوکھر، پی ایم صفدر کھرل ایڈوکیٹ، ڈسٹرکٹ بار کی صدر خالدہ شاہد ایڈوکیٹ، شہزاد ہارون ہنجرا سمیت وکلائ، شعرائ، ادیب، ڈاکٹرز،صحافیوں اور معززین کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی۔ا سٹیج سیکرٹری کے فرائض ڈسٹرکٹ بار کے سابق صدرپی ایم صفدر کھرل ایڈووکیٹ نے سرانجام دیئے ۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر کے امیدوار ملک وقاص رضا اعوان ایڈووکیٹ نے منفرد لہجے میں نظم پڑھ کر حاضرین کی طرف سے زبردست داد وصول کی جبکہ طاہرہ حبیب جالب نے تقریب میں حبیب جالب کا کلام سنا کر میلہ لوٹ لیا۔ اس موقع پر حاضرین حبیب جالب کا کلام سن کر جھومتے رہے مقررین نے کہا شاعر انقلاب حبیب جالب مرحوم ایک انقلابی شاعر تھے جنکی شاعری آج بھی سیاسی کارکنوں کا خون گرماتی ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ حبیب جالب کی شاعری کو تعلیمی سلیبس کا حصہ بنایا جائے تاکہ آنے والی نسلیں حبیب جالب کے کلام سے استفادہ کرسکیں۔بعدازاں معروف مصور آرٹس شفقت علی جاوید نے مہمان خصوصی کوچاول کی دانہ پر بسم اﷲ لکھ کر پیش کیا۔