راولپنڈی (اکمل شہزا د سے) راولپنڈی میں شہری مہنگائی سے عاجز آگئے، ملک میں جاری سیاسی رسہ کشی کے دوران حکمران عوام کی مشکلات کو بھول گئے ہیں، افراتفری کے ماحول میں نہ تو کاروبار کے حالات ہیں نہ ہی یہ سمجھ آرہی ہے کہ مستقبل میں کیا ہو گا، حکمران اقتدار کیلئے تو دست و گریباں ہیں کسی نے مارکیٹوں، ریڑھی بانوں اور دکانداروں سے آگر نہیں پوچھا کہ گزر بسر کیسے ہو رہا ہے ،کسی نے کبھی شفقت کا ہاتھ تک نہیں رکھا، ان خیالات کا اظہار اسحاق، ساجد ، راجہ افصار، عبدالمجید ، عاطف، عاقف محمود، حاجی بشیر، نوشاد پرویز، محمد اقبال،شیخ اشرف، خرم اور حسن نے نوائے وقت میں اظہار خیال کرتے ہو ئے کیاانہوں نے کہا کہ ملک میں جاری مہنگائی نے تو عام آدمی کی کمر توڑ دی ہے، آئے روز اشیاء و خودونوش کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے ، موجودہ اور سابق حکومت نے تو عام آدمی سے جینے کا حق ہی چھین لیا ہے، ملک سے مہنگائی کی بجائے غریب عوام کو ختم کرنے کی سازش ہو رہی ہے، غریب آدمی تو ایک وقت کی روٹی کھاتا ہے تو بقیہ دو وقتوں میں فاقہ برداشت کرنا پڑتا ہے، دکاندار حضرات نے کہا کہ موجودہ افراتفری کی وجہ سے کاروبار نہیں ہو رہا، مہنگائی نے ہمیں زیادہ متاثر کیا ہے، بجلی کی قیمتوں میں آئے روز اضافہ ہو رہا ہے، بازار اور دکانیں سنسان پڑی ہوئی ہیں، گزشتہ 15 سے 20 سال سے کاروبار کر رہے ہیں لیکن کاروبار کے حالات کبھی بھی ایسے نہیں دیکھے، معیشت کا پہیہ چلے گا تو کاروبار چلیں گے، عام مارکیٹ میں پیسہ موجود نہیں ، شہریوں نے مزید کہا کہ سیاسی عدم استحکام اور رسہ کشی نے ملک کو تباہی کے دہانے پر کھڑا کر دیا ہے، سیاست دان اقتدار کیلئے تو دست و گریباں ہیں لیکن کسی بھی حکمران کو عوام کا خیال نہیں ، حکمرانوں نے تو عوام کی مشکلات میں ہی اضافہ کیا ہے ہم نے تو خود محنت کرنی ہے اور رزق کمانا ہے، حکمرانوں میں سے تو کوئی بھی غریب نہیں وہ اربوں کے مالک ہیں بڑے بڑے بنگلوں میں رہتے ہیں غریب کی جھونپڑی میں آکر دیکھیں نو اندازہ ہو کہ کن مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی لائیں تا کہ عام آدمی دال روٹی تو کھا سکے۔
راولپنڈی کے شہری مہنگائی سے تنگ آگئے، حکمران اتحاد پر کڑی تنقید
Jul 25, 2022