اسلام آباد(وقاعباسی)وفاقی حکومت نے راولپنڈی اسلام آباد سمیت دیگر چار میٹروبس سروسز کی سبسڈی کا بوجھ وفاقی ترقیاتی ادارے (سی ڈی اے)پر ڈال دیا، وزارت داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سی ڈی اے کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ چاروں بس سروسز کی سبسڈی کی مد میں آپریٹرز کو فوری طورپر 47کروڑ روپے کی رقم ادا کرے قبل ازیں معاہدے کے تحت راولپنڈی میٹرو بس سروس کی سالانہ سبسڈی کی مد میں وفاقی حکومت نصف رقم ڈیڑھ ارب روپے سالانہ ادا کررہی تھی تاہم موجودہ حکومت نے یہ تمام سبسڈی اب سی ڈی اے کے کھاتے میں ڈالتے ہوئے وفاقی ترقیاتی ادارے کے لیے نیا مالی چیلنج درپیش کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق حکومت کو درپیش مالیاتی بحران کے باعث میٹرو بس سروسسز کی سبسڈی کی مد میں اٹھنے والے اخراجات کا بوجھ بھی سی ڈی اے پر ڈالنے کا سلسلہ بدستور جاری ہے اس ضمن میں وفاقی حکومت کے احکامات پر وزارت داخلہ نے سی ڈی اے کو سبسڈی کی ادائیگی کے لیے باضابطہ طورپر احکامات جار ی کردئیے ہیں واضح رہے کہ راولپنڈی میٹرو بس سروس کے حوالے سے حکومت پنجاب اور وفاق کے درمیان یہ معاہدہ طے پایا تھا کہ اسلام آباد کی حدود میں واقع میٹرو بس سروس کے اسٹیشنز پر اٹھنے والے اخرجات اور مسافروں کو دی جانے والی سبسڈی کی رقم وفاقی حکومت ادا کرے گی جبکہ راولپنڈی کی حدود میں واقع اسٹیشنز کے اخراجات پنجاب حکومت ادا کرے گی اس مد میں وفاقی حکومت نے تقریباڈیڑھ ارب روپے سالانہ سبسڈی ادا کرنا ہے جبکہ ڈیڑھ ارب روپے کی سبسڈی حکومت پنجاب اس ضمن میں ادا کرتی ہے تاہم ملکی معاشی حالات کی خرابی کے باعث وفاقی حکومت نے اپنے حصے کی سبسڈی کا بوجھ اب سی ڈی اے کے کندھوں پر ڈال دیا ہے اور اسلام آباد میں چلنے والی تین نئی میٹرو بس سروسسز کے ساتھ راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس سروس کی سبسڈی بھی سی ڈی اے انتظامیہ کو ادا کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے نوائے وقت کے دستیاب دستاویز کے مطابق چیئرمین سی ڈی اے کو 15جولائی کو جاری ہونے والے ایک مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوری طورپر چارو ں بس سروسز پر اٹھنے والے اخراجات اور اس ضمن میں دی جانے والی کوارٹرلی سبسڈی کے 47کروڑ روپے کی ادائیگی کو یقینی بنائیں ۔