کراچی (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ یہ مون سون کا تیسرا سپیل ہے، اس بارش کو پکنک نہ سمجھا جائے۔ لوگ خود اور اپنے بچوں کو گھروں تک محدود رکھیں۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مون سون کی مسلسل جاری بارش کے دوران شہر کراچی کا دورہ کیا ہے۔ دورہ کے دوران انہوں نے نکاسی آب کے کاموں کا بھی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ کیونکہ بارشوں میں ندی نالوں میں طغیانی اور پانی کی نکاسی کیلئے مین ہول بھی کھولے جاتے ہیں، ایسی صورتحال میں بچوں کو کسی صورت سڑکوں پر کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ کو عوام کی ہر طرح سے مدد کرنی ہے۔ خیال رہے کہ دورے کے دوران وزیراعلیٰ سندھ کے ساتھ صوبائی وزیر، ناصرشاہ، شرجیل میمن اور مرتضیٰ وہاب بھی شامل تھے۔
مراد شاہ