ریاض (اے پی پی)سعودی عرب کی وزارت حج وعمرہ نے کہا ہے کہ اب تک 4 لاکھ سے زیادہ حجاج کرام اپنے ملکوں کوروانہ ہوچکے ہیں، حجاج کی واپسی کا عمل فضائی، بحری اور بری راستوں سے جاری ہے۔عرب ذرائع ابلاغ نے وزارت حج وعمرہ کی جانب سے جاری تازہ اعداد وشمار کے حوالے سے بتایا کہ جدہ کے شاہ عبدالعزیزانٹرنیشنل ایئرپورٹ اور مدینہ منورہ کے شہزادہ محمد بن عبدالعزیز ایئرپورٹ سے اب تک 3 لاکھ 65 ہزار 457 حجاج اپنے ملکوں کو روانہ ہوچکے ہیں، زمینی راستوں سے آنے والے حجاج میں سے 31 ہزار629 بسوں کے ذریعے جبکہ 5 ہزار 701 حجاج بحری راستے کے ذریعے سے اپنے ملک جاچکے ہیں۔واضح رہے کہ جدہ کے شاہ عبدالعزیز ایئرپورٹ کے حج ٹرمینل کے علاوہ مدینہ منورہ کے شہزادہ محمد بن عبدالعزیز انٹر نیشنل ایئر پورٹ پر بھی محکمہ امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کی جانب سے حج سیزن کے لیے خصوصی کاونٹرز قائم کیے جاتے ہیں۔جدہ حج ٹرمینل پرامسال حج سے قبل امیگریشن کائونٹرز کی تعداد میں بھی اضافہ کیا گیا تھا تاکہ حجاج کی روانگی کے عمل کو مزید بہتربنایا جائے۔
سعودیہ حجاج واپس
4 لاکھ حجاج کرام اپنے ملکوں کو واپس جاچکے ہیں،سعودی حکام
Jul 25, 2022