اسلام آباد (خبر نگار‘ نمائندہ خصوصی‘ نوائے وقت رپورٹ‘ این این آئی‘ آئی این پی) وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے نگران وزیراعظم کا تقرر‘ اعلان آئین میں دیئے گئے طریق کار کے مطابق ہوگا۔ وزیراعظم اس پر نوازشریف سے رہنمائی لیکر اتحادی جماعتوں سے مشاورت کریں گے۔ آئین کے مطابق وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر مشاورت سے یہ عمل مکمل کریںگے۔ میڈیا ورکرز اور صحافیوں کے لئے ہیلتھ انشورنس فارم کا آن لائن اجراءکر دیا ہے، حکومت نے پہلی مرتبہ وفاقی بجٹ میں ورکنگ جرنلسٹس کی ہیلتھ انشورنس کےلئے ایک ارب روپے مختص کئے ہیں، آن لائن رجسٹریشن فارم پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کی ویب سائٹ پر موجود ہے، صحافی حضرات آن لائن ہیلتھ انشورنس فارم کے ذریعے اپنی رجسٹریشن کروا سکیں گے۔ جبکہ وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات نے کہا ہے کہ پورے پاکستان میں ورکنگ جرنلسٹس کی رجسٹریشن کا عمل شروع کیا جا رہا ہے۔ 7 اگست کو وزیر اعظم ہیلتھ انشورنس کارڈ کا اجراءکریں گے۔ ہیلتھ انشورنس کی سکیم صرف پریس کلب کے ممبران کےلئے نہیں، تمام صحافیوں اور میڈیا ورکرز کےلئے ہے، منصوبہ پورے پاکستان کےلئے ہے، ہیلتھ انشورنس کی رجسٹریشن کےلئے کسی صحافی کا پریس کلب کا رکن ہونا لازمی نہیں۔ الحمد للہ! موجودہ دور میں صحافیوں کو تھپڑ نہیں مارے گئے، پسلیاں نہیں ٹوٹیں، گولیاں نہیں لگیں۔ پیمرا ترمیمی بل 2023ءپر ایک مخصوص ٹولہ پروپیگنڈا کر رہا ہے۔ پیر کو وفاقی وزیر اطلاعات نے صحافیوں کے ہمراہ آن لائن رجسٹریشن فارم کا اجرا کیا۔ اس موقع پر پرنسپل انفارمیشن آفیسر مبشر حسن بھی موجود تھے۔ وزیر مملکت پٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ اسحاق ڈار ہر طرح کی ذمہ داری نبھانے کے اہل ہیں۔ نگران وزیراعظم کے لیے لیڈر آف دی ہاو¿س تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت کریں گے۔ سیاسی جوڑ توڑ پر اس وقت کوئی تبصرہ نہیں کرسکتا۔ نئی مردم شماری پر اعتراضات ہو گئے جنہیں دور کرنے میں کئی ماہ لگ گئے۔ نئی مردم شماری اگر نوٹیفائی کردی جائے تو اس کے مطابق الیکشن میں 4 سے 6 ماہ چاہئیں۔ حکومت کا مو¿قف ہے کہ پرانی مردم شماری پر الیکشن کرا لیا جائے۔ نئی حلقہ بندیوں کے لیے 4 سے 6 ماہ درکار ہوں گے۔ نگران وزیراعظم کے بارے میں وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ حکومت کی طرف سے کوئی اشارہ نہیں۔ ایک معتبر صحافی نے خبر لیک کی۔ اس کے علاوہ ابھی کچھ نہیں۔ نگران وزیراعظم پر کام شروع نہیں ہوا اور میرے علم میں نہیں ہے۔ اسحاق ڈار میرے بھائی ہیں۔ میری خواہش بھی ہے۔ اگر وزیراعظم بن سکتے ہیں تو اچھی بات ہے۔ میری معلومات کے مطابق اسحاق ڈار کے نام پر اعتراضات شروع ہو گئے ہیں۔ اگر رولنگ پارٹی سے کوئی نگران وزیراعظم آئے گا تو لوگ اعتراض کریں گے۔ نوازشریف ضرور وطن واپس آئیں گے۔ اس میں کوئی شک نہیں۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ صحافیوں کو فراہم کی جانے والی ہیلتھ انشورنس میں رینل ٹرانسپلانٹ، کینسر، ڈائیلائسز، اینڈوسکوپی، ڈے کیئر سرجری سمیت دیگر بیماریوں سے متعلق علاج معالجہ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ صحافیوں کو ہیلتھ انشورنس، تنخواہوں، ملازمتوں کے تحفظ کے حوالے سے ہمیشہ سے مسائل درپیش رہے ہیں۔ مریم اورنگزیب نے واضح کیا کہ پرائم منسٹر ہیلتھ کارڈ اور صحافیوں کے لئے ہیلتھ انشورنس الگ الگ سکیمیں ہیں، جو صحافی پرائم منسٹر ہیلتھ کارڈ سکیم سے مستفید ہو رہا ہے وہ صحافیوں کی ہیلتھ انشورنس سکیم کا اہل نہیں ہوگا۔ گزشتہ 14 ماہ کے دوران تقریباً 150 سے زائد ڈمی اخبارات کو منسوخ کیا گیا ہے۔ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے ترجمان حافظ حمداللہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن نے اسمبلیوں کی تحلیل کا تاریخ طے کرنے اور نگران وزیراعظم کے نامزدگی کیلئے مشاورتی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ ہو سکتا ہے نگران وزیر اعظم کے لئے اسحاق ڈار کے نام پر مسلم لیگ فیصلہ کر چکی ہو لیکن پی ڈی ایم اور حکمران اتحاد کے پلیٹ فارم سے باقاعدہ فیصلہ نہیں ہوا ہے۔ اپنے ایک بیان میںحافظ حمداللہ نے کہا ہے کہ البتہ نگران وزیراعظم کا فیصلہ مشاورت سے ہوگا ایک پارٹی فیصلہ نہیں کر سکتی۔ لیکن اس بار شوکت عزیز، حفیظ شیخ، معین قریشی اور رضاباقر جیسے امپورٹڈ شخص نگران وزیراعظم نہیں ہوگا۔ انشاءاللہ۔ چند دنوں میں مشاورت ہو گی فیصلہ سامنے آئے گا کوئی جلدی نہیں ہے۔
نگران وزیراعظم : اعلان آئین میں دیئے طریقہ کے تحت ہوگا ، وزیراعظم تمام جماعتوں سے مشاورت کرینگے ، لیگی وزراء
Jul 25, 2023