مون سون بارشیں‘ کپاس کا مجموعی پیدواری ہدف حاصل نہ ہونے کا خدشہ

کراچی (کامرس رپورٹر) ملک بھر کے کاٹن زونز میں مسلسل شدید بارشوں کے باعث رواں سال ایک بار پھر کپاس کا مجموعی ملکی پیداواری ہدف حاصل نہ ہونے کا خدشہ۔چیئرمین کاٹن جنرز فورم احسان الحق نے بتایا کہ بہترین حکومتی کوششوں کے باعث رواں سال پاکستان میں کپاس کی ریکارڈ کاشت اور پندرہ جولائی تک کپاس کی مجموعی پیداوار آٹھ لاکھ58ہزار بیلز ہونے کے باعث توقع ظاہر کی جا رہی تھی رواں سال کپاس کا مجموعی ملکی پیداواری ہدف جو ایک کروڑ 27لاکھ بیلز مختص کیا گیا تھا،حاصل کر لیا جائے گا اور بارہ سال بعد پاکستان میں کپاس کی مجموعی پیداوار ایک کروڑ بیلز سے زائد ہو سکے گی مگر پچھلے کچھ عرصے سے ملک بھر کے کاٹن زونز میں ہونے والی شدید بارشوں کے باعث نہ صرف کپاس کی مجموعی ملکی پیداوار میں ایک بار پھر ریکارڈ کمی کے خدشات ظاہر کئے جا رہے ہیں بلکہ بارشوں سے کپاس کا معیار متاثر ہونے سے روئی اور دیگر ٹیکسٹائل پراڈکٹس کی برآمدات بھی متاثر ہونے کے خدشات ہیں۔انہوں نے بتایا کہ بارشوں کے باعث کپاس کا معیار متاثر ہونے سے روئی کی قیمتوں میں بھی مندی کا رجحان دیکھا جا رہا ہے جس کے باعث پچھلے دو تین روز کے دوران روئی کی قیمتیں 250روپے فی من مندی کے بعد پنجاب میں اٹھارہ ہزار250روپے جبکہ سندھ میں سترہ ہزار750روپے فی من تک گر گئی ہیں۔

ای پیپر دی نیشن