ٹوبہ ٹیک سنگھ(نامہ نگار) ڈپٹی کمشنر محمد نعیم دریائے راوی میں ممکنہ سیلاب کے خدشہ کے پیش نظر حفاظتی بند کی پختگی اور دیگر انتظامات کے لئے فیلڈ میں متحرک ہیں،ڈپٹی کمشنر محمد نعیم نے گذشتہ روز تحصیل کمالیہ کے نواحی علاقوں میں دریائے راوی کا دورہ کیا،جہاں انہوں نے حفاطتی بندکی مضبوطی کا جائزہ لیا اور انتظامیہ کی جانب سے کئے گئے اقدامات بارے بریفنگ لی،اسسٹنٹ کمشنر کمالیہ عبدالحنان نے بتایا کہ دریائے راوی میں ممکنہ سیلاب کے لئے انتظامات مکمل ہیں،دریائے راوی میں ہیڈ سدھنائی کے مقام پر 27 ہزار 450کیوسک پانی کی آمد ہے،مقامی آبادی کو پانی بڑھنے کی صورت میں محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کیلئے بھی الرٹ ہیں،ڈپٹی کمشنر محمد نعیم نے کہا کہ فی الحال سیلاب کا کوئی خطرہ نہیں، ریونیو اور اریگیشن کا عملہ لمحہ با لمحہ سیلاب کی صورتحال کو مانیٹر کررہا ہے،ریسکیو1122 محکمہ صحت،لائیوسٹاک کی ٹیمیں کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار ہیں۔