کراچی(کامرس رپورٹر)ملک کی اقتصادی ریڑھ کی ہڈی کی نمائندگی کا حامل بزنس کمیونٹی کی سب سے بڑی نمائندہ تنظیم یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) کے صدر زبیرطفیل نے بجلی کے نرخوں میں حالیہ بے تحاشہ اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کر تے ہوئے اسے صنعتی،تجارتی،زرعی اور دیگر شعبوں کیلئے بڑے پیمانے پر مسائل کی جڑ قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاورٹیرف میں بے تحاشہ اضافے سے برآمدات اور سرمایہ کاری میں کمی واقع ہو سکتی ہے اور ممکنہ طور پر صنعتی یونٹس بند ہو سکتے ہیں جبکہ اس اضافے سے صارفین کی قوت خرید متاثر ہونے کا خطرہ ہے۔ یونائٹیڈ بزنس گروپ کے مرکزی ترجمان گلزارفیروز کے مطابق صدر یو بی جی زبیر طفیل نے اس بات پر زور دیا کہ بجلی کے نرخوں میں اضافے کا چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) اور کاٹیج انڈسٹریز پر تباہ کن اثر پڑے گا، پاکستان میں بجلی کے نرخ خطے میں پہلے ہی سب سے زیادہ تھے جبکہ حالیہ اضافے سے نہ صرف کاروباری طبقے کو نقصان پہنچے گا بلکہ بڑے پیمانے پر عوام پر بھی بوجھ پڑے گا۔