اسلام آباد (نامہ نگار) سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے ملاقات کی۔ ملاقات میں گوجر خان بار کونسل کے وکلاء بھی موجود تھے۔ گوجر خان بار کونسل کے مسائل سمیت زیر التوا قانون سازی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سپیکر قومی اسمبلی نے وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف کو گوجر خان بار کونسل کے مسائل سے آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ گوجر خان بار کونسل کے مسائل کو حل کرنا ان کی اولین ترجیح ہے۔ قانون کی حکمرانی، آئین کی بالادستی اور جمہوریت کے فروغ کے لیے وکلاء برادری کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے گوجر خان بار کونسل کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ ملاقات میں زیر التواء قانون سازی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور زیر التواء بلوں کو جلد ایوان میں پیش کر کے زیر غور لانے پر اتفاق کیا گیا۔