بابا فرید گنج شکرؒ کا عرس‘ بہشتی دروازے کی قفل کشائی‘ پہلے روز 2 لاکھ زائرین گزرے

Jul 25, 2023

ملکہ ہانس (نامہ نگار) برصغیر پاک وہند کے عظیم بزرگ اور پنجابی زبان کے پہلے صوفی شاعر حضرت بابا فرید الدین مسعود گنج شکر ؒ کے عرس کی سب سے بڑی رسم بہشتی دروازہ کی پہلے روز قفل کشائی کردی گئی۔ بہشتی دروازہ کی قفل کشائی سجادہ نشین دیوان مودود مسعود چشتی فاروقی نے کی۔ بہشتی دروازہ کے پہلے روز 2لاکھ کے قریب زائرین نے بہشتی دروازہ سے گزرنے کی سعادت حاصل کی۔ تفصیلات کے مطابق برصغیر پاک وہند کے عظیم صوفی بزرگ حضرت بابا فرید الدین مسعود گنج شکر ؒ کے 780 ویں سالانہ عرس کے مو قع پر سجادہ نشین دیوان مودود مسعود چشتی فاروقی نے دیگر علماء و مشائخ کے ہمراہ بہشتی دروازے کی قفل کشائی کی۔ پہلے روز بہشتی دروازہ کی قفل کشائی کی تقر یب میں ممبر قومی اسمبلی پارلیمانی سیکرٹری فوڈ اینڈ سکیورٹی میاں احمد رضا خاں مانیکا، ڈپٹی کمشنر پاکپتن امتیاز احمد کھچی، اولاد گنج شکرؒ سابق ایم پی اے دیوان عظمت سید محمد چشتی، زیب آستانہ اولاد سجادہ نشین دیوان احمد مسعود چشتی، شہزادہ گنج شکرؒ پیر دیوان عثمان فرید چشتی، اولاد گنج شکرؒ دیوان حامد مودود مسعود چشتی، سجادہ نشین صحابی رسول علمبردار خواجہ عزیز مکی دیوان ساجد مشتاق چشتی سمیت دنیا بھر سے آئے مشائخ عظام اور زائرین کی بہت بڑی تعداد موجود تھی۔

مزیدخبریں