لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انو رکی ہدایت پر پنجاب ہائی وے پٹرول میں ایک ہزار محکمانہ پروموشنز کے نئے مرحلے کا آغازہوگیا ہے۔پہلے مرحلے میں 18 اے ایس آئیز کو سب انسپکٹر عہدے پر ترقی مل گئی ہے۔ ترقی پانے والے 18 سب انسپکٹرز کو رینک لگانے کی تقریب سنٹرل پولیس آفس میں منعقد ہوئی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سمیت سینئر افسران نے افسران کو سب انسپکٹر کے رینک لگائے گئے۔ سب انسپکٹرز کے اہلخانہ بھی خصوصی طور پر موجود تھے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انو رنے کہاکہ پی ایچ پی میں مختلف مراحل میں ایک زار اہلکاروں کو اگلے عہدوں پرپروموٹ کیا جا رہا ہے،250 اے ایس آئیز، 500 ہیڈ کانسٹیبلز کو ترقی دی جائیگی۔250 اہلکار پی کیڈٹ سسٹم سے پروموٹ ہونگے۔پی ایچ پی میں نفری کی کمی کیلئے نئی بھرتیاں،نئی گاڑیاں، جدید ٹیکنالوجی اور بھرپور وسائل فراہم کئے گئے۔پی ایچ پی فورس کو بلٹ پروف جیکٹس، تھرمل امیجنگ کوارڈ کاپٹر سمیت دیگر جدید آلات بھی فراہم کر رہے ہیں۔ پچھلے ڈیڑھ سال میں پی ایچ پی نے 40 ہزار اشتہاری گرفتار کئے۔7 ہزار چوری شدہ گاڑیاں برآمد کیں،1 لاکھ 43 ہزار شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کئے اور 7 ہزار شہریوں کو ڈرائیونگ تربیت فراہم کی، پی ایچ پی کے ایکسل لوڈ مینجمنٹ سسٹم کو دیگر صوبوں کی پولیس فورسز فالو کر رہی ہیں،گذشتہ ڈیڑھ برس میں پی ایچ پی میں 34 سو سے زائد پروموشن ہوئیں، انسپکٹر کی 100 سیٹیں منظور، نئے سروس و پروموشن سٹرکچر سے 50 فیصد فورس مستفید ہو رہی ہے۔ پی ایچ پی کی 360 چیک پوسٹوں پر خدمت مراکز 50 ہزار سے زائد شہریوں کو خدمات فراہم کر چکے ہیں۔ پی ایچ پی اسی جوش و جذبے کے ساتھ فرائض کی ادائیگی کا سلسلہ جاری رکھے۔حوصلہ افزائی میں کوئی کمی نہیں آئیگی۔اے ایس آئی سے سب انسپکٹر پروموٹ ہونے والوں میں لاہور کے 5، گوجرانوالہ، فیصل آباد، ملتان کے 3،بہاولپور کے 2، ڈی جی خان اور سرگودھا کا ایک اے ایس آئی شامل ہیں۔
پی ایچ پی فورس کو بلٹ پروف جیکٹس‘ کوارڈ کاپٹر ‘ جدید آلات فراہم کرینگے : آئی جی پنجاب
Jul 25, 2024